مون سون کے مزید 2 خطرناک اسپیل، این ڈی ایم اے نے خبردار کر دیا

چیئرمین نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر نے خبردار کیا ہے کہ ملک میں مون سون کے مزید دو اسپیل آ رہے ہیں جو موجودہ اسپیل سے بھی زیادہ سخت ہوں گے۔

وفاقی وزراء کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ پاکستان اس وقت مون سون کے ساتویں اسپیل سے گزر رہا ہے۔ موسمیاتی تبدیلی کے باعث گلیشیئرز تیزی سے پگھل رہے ہیں، اور شمالی علاقوں سے پانی آنے پر نشیبی علاقے شدید متاثر ہو سکتے ہیں۔ چیئرمین این ڈی ایم اے کے مطابق خیبر پختونخوا میں حالیہ دنوں میں کلاؤڈ برسٹ ہوئے ہیں، جن کے باعث نقصان زیادہ ہوا۔ رواں مون سون سیزن میں اب تک 670 افراد جاں بحق جبکہ تقریباً ایک ہزار افراد زخمی ہو چکے ہیں، 80 سے 90 افراد تاحال لاپتا ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ کلاؤڈ برسٹ اور علاقائی بارشوں کا سلسلہ ابھی جاری ہے، جبکہ دو مزید شدید مون سون اسپیل کی پیشگوئی ہے۔ تاہم، ان کے مطابق ستمبر تک صورتحال معمول پر آنے کی توقع ہے۔ انعام حیدر نے بتایا کہ متاثرہ علاقوں میں ریلیف کیمپ قائم کر دیے گئے ہیں، جہاں متاثرین کو پبلک عمارتوں میں رکھا جا رہا ہے اور میڈیکل سہولتیں بھی فراہم کی جا رہی ہیں۔ خیبر پختونخوا سمیت مختلف علاقوں میں راشن اور دیگر امدادی سامان بھجوایا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ گلگت کا سروے مکمل کر لیا گیا ہے، لیکن مون سون سیزن کے اختتام پر ہی نقصانات کی اصل صورتحال واضح ہو سکے گی۔ تمام جمع شدہ ڈیٹا متعلقہ حکام کے ساتھ شیئر کیا جا رہا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close