موسلا دھار بارش کی پیش گوئی، کہاں کہاں جل تھل ہو گا؟

کراچی: موسمیاتی تجزیہ کار جواد میمن نے شہر قائد میں شدید بارشوں کی پیش گوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ منگل اور بدھ کو موسلا دھار بارش کا امکان ہے۔

جیو نیوز کے پروگرام جیو پاکستان میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ کراچی میں اچانک شدید گرمی اور حبس کی بڑی وجہ سمندری ہواؤں کا رک جانا ہے۔ درجہ حرارت مختلف علاقوں میں 47 ڈگری تک پہنچ گیا ہے، جو مرطوب موسم کے ساتھ مل کر مون سون سسٹم کو تقویت دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 18 اگست سے 23 اگست تک سندھ اور بلوچستان میں بارشوں کا سلسلہ متوقع ہے۔ اس دوران کراچی میں 2 سے 3 اسپیل آسکتے ہیں جن میں 40 سے 50 ملی میٹر بارش ہوگی، جبکہ کچھ مقامات پر 70 سے 80 اور کہیں کہیں 100 ملی میٹر بارش بھی ممکن ہے۔

جواد میمن نے مزید بتایا کہ 25 اگست کے قریب خلیج بنگال میں ایک اور ہوا کا کم دباؤ بن سکتا ہے جس سے اگست کے آخری دنوں میں بھی سندھ بھر میں بارش کے امکانات موجود رہیں گے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ کراچی سمیت سندھ کے شہری علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے اور نشیبی مقامات پر پانی جمع ہوسکتا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close