شدید بارشوں کی پیشگوئی، سیلاب کا خدشہ، الرٹ جاری

اسلام آباد: نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر (NEOC) نے آئندہ ہفتے کے لیے ممکنہ موسمی حالات کی پیشگی رپورٹ جاری کردی ہے، جس میں ملک کے مختلف علاقوں میں شدید بارشوں اور سیلابی صورتحال کے امکانات پر خبردار کیا گیا ہے۔

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (NDMA) کے مطابق 5 سے 10 اگست کے دوران بالائی و وسطی علاقوں میں شدید بارشیں متوقع ہیں جن کے نتیجے میں متعدد علاقوں میں درمیانے سے اونچے درجے کے سیلاب کا خطرہ ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ:دریائے چناب کے مرالہ، کھنکی اور قادرآباد کے مقامات پر سیلاب کی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔ دریائے جہلم پر منگلا کے بالائی علاقوں میں بھی درمیانے سے اونچے درجے کا سیلاب متوقع ہے۔ دریائے کابل میں نوشہرہ کے مقام پر پانی کے بہاؤ میں تیزی آنے کا امکان ہے، جبکہ سوات اور پنجکوڑہ کے ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق: تربیلا، کالاباغ، چشمہ، تونسہ اور گڈو بیراج پر پانی کا بہاؤ درمیانے درجے تک پہنچ سکتا ہے۔ گلگت بلتستان میں دریائے ہنزہ اور شگر کے بہاؤ میں اضافہ ہوسکتا ہے، جبکہ ہسپر، خنجراب، شمشال، برالدو، ہوشے اور سالتورو کے ندی نالوں میں بھی طغیانی کا امکان ہے۔ بلوچستان کے اضلاع موسیٰ خیل، شیرانی، ژوب اور سبی میں ندی نالوں میں طغیانی متوقع ہے۔ مزید یہ کہ مون سون بارشوں کے باعث تربیلا ڈیم 90 فیصد اور منگلا ڈیم 60 فیصد تک بھر چکے ہیں، جس سے ممکنہ خطرات میں اضافہ ہو گیا ہے۔ این ڈی ایم اے نے متعلقہ اداروں اور عوام کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close