صوبائی ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) پنجاب نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبے بھر میں مزید بارشوں کی پیشگوئی کرتے ہوئے الرٹ جاری کر دیا ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق لاہور، قصور، شیخوپورہ اور سیالکوٹ میں شدید بارش متوقع ہے، جس کے نتیجے میں لاہور، راولپنڈی اور گوجرانوالہ میں اربن فلڈنگ کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔ حکام نے خبردار کیا ہے کہ مون سون بارشوں کا یہ سلسلہ 31 جولائی تک جاری رہنے کا امکان ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے کے مطابق دریائے چناب، جہلم، راوی اور ان سے ملحقہ ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے، جبکہ دریائے ستلج میں گنڈا سنگھ کے مقام پر پانی کے بہاؤ میں اضافہ متوقع ہے۔ نارووال کے نالہ بئیں میں اس وقت نچلے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا گیا ہے۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ محتاط رہیں اور ضلعی انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کریں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں