ملک بھر میں کہاں کہاں موسلادھار بارش ہوسکتی ہے؟ این ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کردیا

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے پنجاب، خیبر پختونخوا اور سندھ کے بیشتر علاقوں میں آندھی کے ساتھ موسلادھار بارش کا الرٹ جاری کردیا۔

این ڈی ایم اے کے الرٹ کے مطابق سندھ میں کراچی، حیدرآباد، سکھر، تھرپارکر، بدین، عمرکوٹ سمیت دیگر اضلاع میں اگلے 48 گھنٹوں کے دوران موسلا دھار بارش کا امکان ہے۔

اسلام آباد سمیت پنجاب کے بالائی اور وسطی علاقوں بشمول لاہور، راولپنڈی، فیصل آباد، گوجرانوالہ، میانوالی میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش متوقع ہے۔

خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع بشمول چترال، سوات، ایبٹ آباد، مانسہرہ، پشاور، بنوں، وزیرستان میں موسلا دھار بارش کا امکان ہے جبکہ شہری علاقوں میں اربن فلڈنگ اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا امکان ہے۔

این ڈی ایم اے نے سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے خطرے سے دوچارعلاقوں میں غیرضروری سفر سے گریز اور احتیاطی تدابیر اختیارکرنے کی ہدایت کی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close