خبردار!!! محکمہ موسمیات نے الرٹ جاری کر دیا

 

محکمہ موسمیات نے ملک بھر میں ہیٹ ویو کے خطرات کے پیش نظر عوام کو محتاط رہنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔ رپورٹ کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک جبکہ جنوبی علاقوں میں شدید گرمی کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

لاہور میں سورج کی تپش نے گرمی کی شدت میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کا موجودہ درجہ حرارت 29 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 39 ڈگری تک جانے کا امکان ہے۔ہوا میں نمی کا تناسب 21 فیصد اور ہوائیں 3 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں۔مزید برآں، لاہور دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں تیسرے نمبر پر آ گیا ہے۔ شہر کا مجموعی AQI 73 ریکارڈ کیا گیا، جب کہ جوہر ٹاؤن میں 69 اور ڈی ایچ اے فیز 8 میں 60 ریکارڈ کیا گیا۔

دوسری جانب محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ جنوبی سندھ، جنوبی پنجاب اور بلوچستان کے جنوبی حصے یکم مئی تک شدید گرمی کی لپیٹ میں رہیں گےجبکہ 30 اپریل تک بالائی علاقوں میں درجہ حرارت معمول سے 4 سے 6 ڈگری زیادہ رہنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بالائی خیبرپختونخوا، پنجاب، گلگت بلتستان اور کشمیر میں بعض مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش اور ژالہ باری کی توقع ہے۔بارش کی پیشن گوئی والے علاقوں میں مری، گلیات، راولپنڈی، اٹک، چکوال، تلہ گنگ، میانوالی، سرگودھا، بھکر، خوشاب، جہلم، حافظ آباد، گوجرانوالہ، منڈی بہاؤالدین، گجرات، سیالکوٹ، نارووال، لاہور، قصور، فیصل آباد، جھنگ اور ٹوبہ ٹیک سنگھ شامل ہیں۔

اس کے علاوہ چترال، دیر، سوات، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، کوہستان، کرم، کوہاٹ، ہنگو، خیبر، وزیرستان، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔محکمہ موسمیات نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ گرمی کی شدت کے دوران غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز کریں اور پانی کا زیادہ استعمال کریں تاکہ ہیٹ ویو کے اثرات سے محفوظ رہا جا سکے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close