محکمہ موسمیات نے بڑی پیشگوئی کردی

ویب ڈیسک (پی این آئی)محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ مزید بارش کی پیشگوئی کردی اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ظاہر کیا ہے جبکہ کراچی میں مطلع جزوی ابرآلود رہ سکتا ہے، پھوار اور بوندا باندی ہوسکتی ہے جبکہ تیزبارش کا کوئی امکان نہیں ہے۔

تفصیلات کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں آج مطلع جزوی ابر آلود رہے گا، جبکہ بعض مقامات پر بارش اور برفباری کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد اور گردونواح میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ دن کے اوقات میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ مزید بارش ہو سکتی ہے۔خیبر پختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے جبکہ پشاور سمیت خیبر پختونخوا میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔راولپنڈی، اٹک، جہلم، گجرات، چکوال، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، نارووال، لاہور، اوکاڑہ، قصور، بہاولنگر، بہاولپور، شیخوپورہ اور گردو نواح میں دن کے دوران چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ وقفے وقفے سے مزید بارش جبکہ چند مقامات پر ژالہ باری کی توقع ہے۔سندھ صوبہ کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک رہنے کی توقع ہے تاہم کراچی میں مطلع ابرآلود رہنے کا امکان ہے جبکہ مضافاتی علاقوں میں بوندا باندی اور پھوار ہوسکتی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close