سموگ سے پریشان عوام کیلئے ایک اور بری خبر

لاہور(پی این آئی) سموگ سے پریشان، بارشوں کیلئے ترس جانے والے اہل لاہور کیلئے ایک اور بری خبر، نومبر کے باقی دنوں میں ملک بھرمیں بارشوں کا امکان نہ ہونے کے برابر، سموگ کی دوبارہ واپسی کا خدشہ بڑھ گیا۔

تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور اور پنجاب سمیت ملک کے بیشتر علاقوں میں نومبر کے باقی دنوں میں ملک بھرمیں بارشوں کا امکان نہ ہونے کے برابر ہے،وسطی پنجاب کی طرح اسلام آباد میں بھی اسموگ کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے ۔محکمہ موسمیات کے مطابق نومبرمیں پہلے جیسی بارشیں ہوتی تھیں اس بار نہیں برسیں گی، پورے ہفتہ کے دوران بارش نہیں ہے جس کی وجہ سے اسموگ اوربعض جگہ پرفوگ کی صورتحال پیدا ہو گی ،اس بارنومبر میں معمول سے کم بارشیں ہوں گی ۔

دوسری جانب صوبائی دارالحکومت لاہور فضائی آلودگی میں دنیا بھر کے شہروں میں منگل کے روز بھی دوسرے نمبر پر رہا ، لاہور کا اے کیو آئی 252ریکارڈ کیا گیا جبکہ شہر اولیا ملتان میں آلودگی کی شرح 286ہوگئی۔سموگ کی صورتحال بہتر ہوتے ہی لاہور اور ملتان کے علاوہ تمام ڈویژنز میں تعلیمی ادارے کھل گئے، محکمہ تحفظ ماحولیات کی جانب سے تمام طلبہ اور اساتذہ کو ماسک پہننے کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ آئوٹ ڈور سپورٹس اور دیگر غیر نصابی سرگرمیوں پر پابندی برقرار ہے۔سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا کہ مشرقی ہوائوں کے رخ اور رفتار میں تبدیلی سے پنجاب میں سموگ کی صورت حال بہتر ہو گئی ہے، وزیراعلی مریم نواز کی ہدایت پر لاہور اور ملتان ڈویژن کے سوا تمام اضلاع میں تعلیمی ادارے کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close