محکمہ موسمیات کی بارشوں سے متعلق نئی پیشگوئی

لاہور ( پی این آئی) کل سے پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بارشوں کی پیشگوئی ہے۔ 26 ستمبر سے 01 اکتوبر تک پنجاب کے بیشتر اضلاع میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارشوں کا امکان ہے۔

راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، منڈی بہاؤالدین، گجرات، گوجرانوالہ، لاہور، شیخوپورہ، سیالکوٹ، نارووال، حافظ آباد میں بارشوں کی پیشگوئی ہے۔ 27 ستمبر سے ساہیوال، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، ننکانہ صاحب، چنیوٹ، فیصل آباد، اوکاڑہ، پاکپتن، قصور اور بھکر میں بھی تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے صوبہ بھر کے ڈی سیز و انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کیں۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم اے کنٹرول روم میں صورتحال کی مانیٹرنگ 24/7 جاری ہے۔ 1122 سمیت دیگر ریسکیو ادارے مشینری سمیت عملے کو الرٹ رکھیں۔ نشینی علاقوں سے پانی کی نکاسی کو جلد از جلد ممکن بنائیں۔ شہری احتیاط کریں بجلی کے کھمبوں اور لٹکتی تاروں سے دور رہیں۔ عوام الناس کچے مکانات اور بوسیدہ عمارتوں سے دور رہیں۔ بچوں کا خاص خیال رکھیں انہیں نشیبی علاقوں میں جمع پانی کے قریب ہرگز نہ جانے دیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close