ملک کے کن اضلاع میں بارش کا امکان؟ اہم پیشگوئی کردی گئی

اسلام آباد(پی این آئی)محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف مقامات پر بارش ہونے کی پیشگوئی کر دی۔

نجی ٹی وی چینل ہم نیوز کے مطابق محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا تاہم گلگت بلتستان، خطہ پوٹھوہار، کشمیر اور بالائی خیبرپختونخوا میں مطلع جزوی ابرآلود رہنے کے علا وہ چند مقامات پرتیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کی توقع ہے۔اسلام آباد اور گرد و نواح میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے۔پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے تاہم صبح کے اوقات میں مری، گلیات، راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، سیالکوٹ، نارووال، گجرات، بھکر، میانوالی، لیہ، نور پور تھل اور ڈی جی خان میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔

خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہے گا تاہم چترال، دیر، سوات، کوہستان، پشاور، مالاکنڈ، لکی مروت، کرم، وزیرستان اور ڈی آئی خان میں تیز ہواؤں اورگرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کا امکان ہے۔بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہے گا تاہم صبح کے اوقات میں شمالی اضلاع میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے،کشمیر اور گلگت بلتستان میں مطلع جزوی ابرآلود رہنے کے علاوہ چند مقامات پر تیز ہواؤں اورگرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کی پیشگوئی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close