2 سے 3 دن میں 200 ملی میٹر تک بارش کی پیشگوئی

کراچی (پی این آئی)محکمہ موسمیات نے کراچی میں 2 سے 3 دن میں 200 ملی میٹر تک بارش کی پیشگوئی کی ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہےکہ کراچی سمیت سندھ کےکئی مقامات پر 31 اگست تک وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے، تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ موسلادھار اور کہیں شدید موسلادھار بارش ہوسکتی ہے۔ چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کا کہنا ہےکہ بھارتی گجرات پر موجود ڈیپ ڈپریشن مغرب کی جانب بڑھ گیا ہے، یہ سسٹم جنوبی تھرپاکر اور بھارتی رن آف کچھ پر موجود ہے، سسٹم کا آج رات یا کل صبح شمال مشرقی بحیرہ عرب اور ملحقہ سندھ کے ساحل تک پہنچنےکا امکان ہے، یہ سسٹم جنوبی سندھ میں مون سون کی تیزہوائیں داخل کرنے کا باعث بن رہا ہے۔

سردار سرفراز کا کہنا ہےکہ کراچی میں 2 سے 3 دن میں 150 سے 200 ملی میٹربارش کا امکان ہے، کراچی میں کل صبح یا دوپہر کے بعد تیز بارش کا امکان ہے۔چیف میٹرولوجسٹ کے مطابق ٹھٹہ میں بھی اگلے 2 سے 3 دن میں تیزبارش کا امکان ہے، ٹھٹہ اور سجاول میں 300 ملی میٹر سے زیادہ بارش ہوسکتی ہے۔چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کے مطابق اگلے 2 سے3 دن میں سمندر میں تغیانی رہنےکا بھی امکان ہے۔

خیال رہےکہ مون سون سسٹم کے سبب سندھ کے مختلف اضلاع میں بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ڈپٹی کمشنر تھرپارکر کی جانب سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ ننگرپارکر میں گزشتہ 3 دن میں 200 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔ڈپٹی کمشنر تھرپارکر کے مطابق تین دن میں مٹھی میں بھی 150 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں