طوفانی بارشیں، محکمہ موسمیات نے خبردار کر دیا

اسلام آباد(پی این آئی)صوبائی دارالحکومت لاہور میں آج سورج اور بادلوں کے درمیان آنکھ مچولی کا سلسلہ جاری رہے گا جبکہ بارش کا بھی امکان ہے۔

تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ باغوں کے شہر لاہور کا کم سے کم درجہ حرارت 27 جبکہ زیادہ سے زیادہ 33 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے، شہر میں ہوا کی رفتار 6 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 95 فیصد تک پہنچ گیا ہے۔موسم کا احوال بتانے والوں کا کہنا ہے کہ لاہور سمیت پنجاب کے دیگر شہروں میں آج بھی وقفے وقفے سے بادل برسنے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ بارشیں برسانے والے نئے سسٹم نے پنجاب میں ڈیرے ڈالنا شروع کر دئیے ہیں، بارشیں برسانے والا نیا نظام مغربی ہواؤں کے باعث وجود میں آیا ہے، بارشوں کی زیادہ شدت جنوبی پنجاب میں ہوگی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کشمیر، شمال مشرقی پنجاب، خطہ پوٹھوہار، خیبر پختونخوا، شمال مشرقی بلوچستان اور گلگت بلتستان میں تیز ہوائیں چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ اس دوران بالائی خیبرپختونخوا اور خطہ پوٹھوہار میں چند مقامات پر موسلادھار بارش کا بھی امکان ہے۔اسلام آباد اور گرد و نواح میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ اس دوران رات کے اوقات میں موسلادھار بارش کی بھی توقع ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق سیالکوٹ، نارووال، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد، منڈی بہاؤالدین، قصور، لاہور، فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، ننکانہ صاحب، مری، گلیات، راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، سرگودھا، میانوالی، بھکر، لیہ،خوشاب، بہاولپور، ملتان، تونسہ اورڈیرہ غازی خان میں تیز ہوائیں چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے جبکہ خطہ پوٹھوہار میں چند مقامات پر موسلادھار بارش ہونے کا بھی امکان ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close