موسلا دھار بارش کے باعث کن علاقوں میں سیلابی صورتحال؟

گلگت بلتستان، بلوچستان اور سندھ سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں بارش سے سیلابی صورتحال برقرار ہے۔

بلوچستان کےسیلاب متاثرہ علاقے زیارت میں بارشوں کے بعد 3 یونین کونسلیں زندرہ، کواس اور منڑہ سیلاب سے متاثرہوئی ہیں، منڑہ ڈیم سیلاب سے 3 اسکول، ایک بیسک ہیلتھ سینٹر بھی تباہ ہوگیا۔مسلم باغ میں متاثرہ قومی شاہراہ این 50 پر ٹریفک کی جزوی آمد و رفت بحال کردی گئی جبکہ خیبرپختونخوا اور پنجاب کو ملانے والی این 50 زیارت کوئٹہ شاہراہ کئی مقامات پر بہہ جانے سے ٹریفک بدستور متاثر ہے۔

مسلم باغ میں پی ڈی ایم اے، ڈی ڈی ایم اے کی امدادی سرگرمیاں جاری ہیں،ادھر صحبت پور کی مانجھوٹی شاخ اور شاہی کینال کے شگافوں کو 6 دن گزرنے کے بعد بھی پُر نہ کیا جا سکا، شگاف سے نصیر کھوسہ، مولوی قادربخش اورعلی آباد سمیت درجنوں دیہات زیرآب ہیں۔کشمور میں گڈو بیراج کے مقام پر درمیانے درجے کے سیلاب کی صورتحال برقرار ہے، کچے کےعلاقوں میں پانی داخل ہونے سے فصلیں زیر آب آگئیں ہیں۔دوسری جانب گلگت بلتستان کے ندی نالوں میں طغیانی اور دریاؤں میں سیلابی صورتحال تھم گئی ہے، انتظامیہ کے مطابق سیلاب سے 10 رابطہ پلوں اور 75 مکانات کو شدید نقصان پہنچا، سیلاب متاثرہ علاقوں میں بحالی کا کام جاری ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں