راولپنڈی(پی این آئی)راولپنڈی اسلام آباد اور گرد و نواح میں موسلا دھار بارش نے جل تھل ایک کردیا۔ موسلادھار بارش کی وجہ سے کٹاریاں کے مقام پر نالہ لئی میں پانی کی سطح 21 فٹ اورگوالمنڈی کے مقام پر16 فٹ تک جا پہنچی۔
واسا نے پانی کی بلند سطح کو مد نظر رکھتے ہوئے نالہ لئی اور اطراف کے نشیبی علاقوں میں الرٹ جاری کردیا تاہم اب واسا کی جانب سے بتایا جارہا ہے کہ بارش تھمنے کے بعد نالہ لئی میں پانی کی سطح نیچے آنا شروع ہوگئی ہے، کٹاریاں پر پانی کی سطح 14 فٹ،گوالمنڈی پر 17 فٹ تک آگئی ہے۔راولپنڈی میں سب سے زیادہ بارش پی ایم ڈی ایچ ایٹ میں 89، بوکرہ میں 73 ، شمس آباد میں 68، سیدپور میں40 اور کچہری میں 36 ملی میٹر ریکارڈ ہوئی۔
ترجمان واسا نے بتایا کہ راولپنڈی کے نشیبی علاقوں سے پانی کی نکاسی مکمل کرلی گئی، راولپنڈی میں ٹریفک معمول کے مطابق ہے، کسی جگہ پانی جمع نہیں، بارشوں کی مزید پیشگوئی کے سبب انتظامات مکمل کر رکھے ہیں۔دوسری جانب محکمہ موسمیات نے آج پنجاب، بلوچستان خیبرپختونخوا اور کشمیر کے بعض مقامات پر بارش کی پیشگوئی کی ہے جب کہ سندھ کے ساحلی علاقوں میں مطلع ابر آلود رہنے اور ہلکی بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں