اگست میں کتنی بارشیں ہوں گی؟ محکمہ موسمیات کی پیشنگوئی نے ہلچل مچا دی

اسلام آباد(پی این آئی)محکمہ موسمیات کے مطابق ملک بھرمیں جولائی میں معمول سے کم بارشیں ہوئیں تاہم جولائی کے مقابلے اگست میں زیادہ بارشیں ہوں گی۔

 

بلوچستان اور سندھ کے شہروں میں فلیش فلڈنگ ہوسکتی ہے۔ چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ کراچی اور سندھ میں آج سے بارشوں کے سلسلے میں شدت کا امکان ہے،3 سے 4دن تک اپرسندھ میں تیز بارشیں متوقع ہیں۔ اس عرصے کے دوران بلوچستان کے شمال مشرقی اضلاع میں بھی تیزبارش کا امکان ہے۔سرفراز کا کہنا ہے کہ شمال مشرقی بلوچستان اورسندھ بلوچستان کھیرتھر پہاڑی

 

 

سلسلے میں تیز بارش کا امکان ہے، ڈی جی خان میں بھی مزید تیز بارشوں کا امکان ہے، بارشوں کا یہ اسپیل6،7 اگست تک چلے گا۔ملک کے مختلف حصوں میں آج بھی طوفانی بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے، لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی میں نشیبی علاقے زیرآب آنے کا خدشہ ہے، گوجرانوالہ، شیخوپورہ، قصور اور سیالکوٹ میں بھی بارش کا امکان ہے۔ سرگودھا، فیصل آباد، نوشہرہ اور پشاورمیں بھی بادل برسیں گے۔ طوفانی بارشوں سے خیبرپختونخوا، بلوچستان کے ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ ہے، مری، گلیات، کشمیر اور گلگت میں لینڈسلائیڈنگ کا اندیشہ ہے، سندھ میں بھی بارش کے باعث نشیبی علاقے زیرا ٓب آنے کا خدشہ ہے۔

 

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے کہا کہ تمام متعلقہ محکموں کو ہدایات جاری کر دی ہیں کہ وہ سیلاب اور شدید موسم کے ممکنہ اثرات کو کم کرنے کے لیے ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کریں، مذکورہ علاقوں میں اربن فلڈنگ کا امکان ہے، اس میں کہا گیا کہ متاثرہ آبادی کو سیلاب سے بچنے اور سیلاب زدہ علاقوں سے دور محفوظ مقام تلاش کرنے کا مشورہ دیا جاتا ہے۔

این ڈی ایم اے نے ہدایات جاری کیں کہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ پانی کے اخراج کو روکنے کے لیے چھتوں اور کھڑکیوں کو مناسب طریقے سے سیل کیا گیا ہے، پانی جمع ہونے سے بچنے کے لیے گٹر اور نکاسی آب کے نظام کو صاف کریں، باہر موجود چیزوں کو محفوظ کریں، جسے تیز ہواؤں اور موسلا دھار بارش سے نقصان پہنچا سکتا ہے۔

این ڈی ایم اے کے مطابق ’پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ‘ کے نام سے ایپلی کیشن لانچ کی گئی ہے، جو گوگل پلے اسٹور اور آئی او ایس ایپ اسٹور پر دستیاب ہے تاکہ عوام کو بروقت الرٹس، مشورے فراہم کیے جاسکیں۔

ترجمان پی ڈی ایم اے پنجاب کا کہنا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں میں پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بارشوں کے امکانات ہیں۔ مون سون بارشوں کا یہ سلسلہ 6 اگست تک جاری رہے گا۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق پنجاب کے تمام دریاؤں اور بیراجز میں پانی کا بہاؤ نارمل سطح پر ہے۔ دریائے سندھ میں تربیلا کالاباغ اور چشمہ کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ہے ۔ رودکوہیوں میں اگلے 48 گھنٹوں میں درمیانے سے اونچے درجے کے سیلابی ریلوں کا خدشہ ہے ۔ منگلا ڈیم میں پانی کی سطح 61 فیصد، تربیلا میں 81 فیصد ہے۔ ستلج ، بیاس اور راوی پر قائم بھارتی ڈیمز میں پانی کی سطح تنتالیس فیصد تک ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close