اسلام آباد(پی این آئی)محکمہ موسمیات نے یکم اگست سے 6 اگست تک ملک میں شدید مون سون بارشوں کی پیشگوئی کردی۔
اعلامیے کے مطابق 31 جولائی تا 6 اگست کشمیر، مظفر آباد میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش اورژالہ باری کا امکان ہے، اسلام آباد، سرگودھا سمیت مختلف علاقوں میں گرج چمک کےساتھ بارش اور کئی مقامات پرطوفانی بارش بھی متوقع ہے۔ موسلادھاربارش سےاسلام آباد، راولپنڈی سمیت مختلف علاقوں میں پہاڑوں،ندی نالوں میں سیلابی صورتحال کا خدشہ ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق 3 اگست سے 5 اگست تک سیالکوٹ، گجرانوالہ، نارووال میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے، خیبرپختخونخوا کے پہاڑی علاقوں، مری، گلیات، بلوچستان میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے، شدید بارش آندھی اور گرج چمک کے باعث کمزور انفرا اسٹرکچر کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔
حکام کے مطابق بلوچستان کے مشرقی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، سندھ میں مٹھی، عمر کوٹ، ٹھٹھہ، بدین میں گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش متوقع ہے، محکمہ موسمیات نے تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کردی۔ اعلامیے کے مطابق 2 اگست سے 6 اگست کے دوران بہاولپور بہاول نگر ڈیرہ غازی خان میں تیز ہوا گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارشیں متوقع ہے، یکم اگست سے 6 اگست تک چترال، دیر، سوات، صوابی میں گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارشوں کی توقع ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں