لاہور(پی این آئی) موسلادھار بارش،گرمی کا زور ٹوٹ گیا… لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں گرج چمک کے ساتھ کہیں ہلکی اور کہیں موسلادھار بارش ہوئی جس کے بعد گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔صوبائی دارالحکومت لاہور میں علی الصبح بارش کے بعد شہریوں کے گرمی سے مرجھائے چہرے خوشی سے کھل اٹھے، ایبٹ روڈ، لکشمی چوک، شالیمار، گڑھی شاہو، مال روڈ، کینال روڈ، ہربنس پورہ، ساندہ، اسلامپورہ و گردو نواح میں بادل برسے، بارش کے دوران لاہور کے کئی علاقوں میں بجلی کی سپلائی بھی متاثر ہوئی۔لاہور کے علاوہ اسلام آباد، راولپنڈی، مری، جہلم، مریدکے، گوجرانوالہ، اٹک، وزیر آباد سمیت پنجاب کے متعدد شہروں میں بھی ہلکی اور تیز بارش ہوئی جس سے موسم خوشگوار ہو گیا، شدید بارش کے بعد سڑکیں ندی نالوں کا منظر پیش کرنے لگیں۔
دوسری جانب این ڈی ایم اے نے بارش کی وجہ سے اگلے تین دن کے دوران پنجاب کے اضلاع نارووال اور سیالکوٹ میں ہائی لیول فلیش فلڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا ہے، جموں کے بالائی علاقوں میں بارشوں کے باعث نارووال اور سیالکوٹ کے ندی نالوں میں سیلاب آ سکتا ہے۔نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق نالہ ایک، دائیک اور پلکھو میں شدید طغیانی سے ملحقہ علاقے زیر آب آنے کا خدشہ ہے، فلیش فلڈنگ سے ذرائع آمدو رفت میں خلل، عمارتوں، فصلوں اور مویشوں کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔این ڈی ایم اے الرٹ کے مطابق صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز اور مقامی انتظامیہ کو چوکس رہنے کی ہدایت کی گئی ہے اور کہا گیا ہے کہ خطرے سے دو چار آبادی کی حفاظت کیلئے مناسب اقدامات کئے جائیں۔۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں