طوفانی بارشیں، الرٹ کر دیا گیا

لاہور(پی این آئی) نیشنل ڈیزاسٹر مینیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے کہا ہے کہ صوبہ پنجاب میں طوفانی بارشوں کے نتیجے میں کم از کم 24 افراد ہلاک جبکہ 80 زخمی ہوئے ہیں۔

این ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ رواں ماہ کے دوران صوبہ پنجاب اور سندھ میں مون سون کی بارشوں کے نتیجے میں ایمرجنسی کے حالات پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔ نیشنل ڈیزاسٹر مینیجمنٹ اتھارٹی پنجاب نے بتایا کہ حالیہ بارشوں میں لاہور، سرگودھا، ٹوبہ ٹیک سنگھ، فیصل آباد، کوٹ ادو اور بہاولپور متاثر ہوئے ہیں۔ پی ڈی ایم اے کے ترجمان محمد مظہر نے ایک انٹرویو میں کہا کہ جمعے کے بعد سے ہونے والے بارش کے نتیجے میں کم از کم 24 افراد ہلاک اور 80 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ ان بارشوں میں 40 کے لگ بھگ گھروں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔

این ڈی ایم اے کے ترجمان کے مطابق صوبائی حکومت نے بارش سے متاثر ہونے والے افراد اور ان کے خاندانوں کی مالی معاونت کی ہدایات جاری کی ہیں۔انہوں نے شہریوں کو بارش کے دوران بجلی کے کھمبوں، تاروں اور خستہ حال چھتوں سے دور رہنے کا مشورہ بھی دیا ہے۔دوسری جانب این ڈی ایم اے نے ضلعی حکام کو صورتحال کو 24 گھنٹے مانیٹر کرنے کی ہدایت کی ہے۔ این ڈی ایم اے نے اپنے بیان میں کہا ہے واسا کو سرگرم رہنے اور خاص طور پر نشینی علاقوں سے پانی نکالنے کے لیے ضروری سامان تیار رکھنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔

پنجاب میں مون سون کی بارشیں 15 جولائی تک جاری رہنے کا امکان ہے تاہم ابھی تک صوبے کے دریاوں اور نہروں میں پانی کا بہاو معمول کے مطابق ہے۔ ہنگامی حالات میں پی ڈی ایم ایک کی ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کریں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close