لاہور ( پی این آئی) پی ڈی ایم اے پنجاب نے رودکوہیوں میں سیلابی وارننگ جاری کر دی ۔ پی ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کر دیا ہے جس کے مطابق کوہ سلیمان کے پہاڑی علاقوں میں موسلا دھار بارش کے باعث درمیانے درجے کی سیلابی صورتحال بن سکتی ہے ۔
کمشنر ڈیرہ غازی خان و ڈی سیز ڈیرہ غازی خان ،کوٹ ادو،راجن پور مظفر گڑھ اورلیہ کو الرٹ جاری کیا گیا ہے ۔تفصیلات کے مطابق پی ڈی ایم اے الرٹ میں کہا گیا ہے کہ 12 سے 13 جولائی ڈیرہ غازی خان کی رود کوہیوں میں درمیانے درجے کے سیلابی ریلے گزریں گے ۔ریلیف کمشنر پنجاب نبیل جاوید نے متعلقہ اضلاع کی انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں ۔نبیل جاوید نے کہا ہے کہ ممکنہ سیلابی ریلے کے پیشِ نظر حفاظتی اقدامات تیز کریں،رود کوہیوں کے راستوں میں قائم آبادیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جائے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب کے حکم پر ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کیلئے پیشگی انتظامات مکمل ہیں۔ دوسری جانب ڈی جی پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ رود کوہیوں میں بارشوں کے باعث پانی کے بہاؤ میں اضافہ ہوا ہے۔ عوام الناس کو وزیر اعلیٰ کا پیغام پہنچائیں سیلاب کی صورتحال میں آپ نے اپنی جانوں کو خطرے میں نہیں ڈالنا۔ حکومت پنجاب آپ اور آپکے مال مویشیوں کا پوری طرح سے خیال رکھے گی۔ خطرے کی صورت میں آپ نے گھروں سے نکلنا ہے اور انتظامیہ سے تعاون کرنا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں