مون سون ہوائیں داخل، کہاں کہاں بارش ہوگی؟ تفصیلی پیشنگوئی کر دی گئی

اسلام آباد(پی این آئی)پاکستان کے محکمہ موسمیات کے مطابق 10 جولائی سے 16 جولائی کے دوران ملک کے مختلف علاقوں میں بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بدھ 10 جولائی سے بحیرہ عرب سے مزید مون سون ہوائیں ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہوں گی جس کے باعث 10 سے 16 جولائی کے دوران مختلف علاقوں میں شدید بارشوں کی توقع ہے۔ 10 سے 16 جولائی کے دوران پاکستان کے زیرانتظام کشمیر میں وادی نیلم، مظفرآباد، راولاکوٹ، باغ، حویلی، کوٹلی، بھمبر اور میرپور میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ وقفے وقفے سے بارش اور چند مقامات پر موسلادھار بارش کا امکان ہے۔ 10 جولائی سے 15 جولائی کے دوران اسلام آباد، راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال ، جہلم ، گجرات، گوجرانوالہ، لاہور، شیخوپورہ، سیالکوٹ، نارووال اور فیصل آباد میں بارش کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

اوکاڑہ، خوشاب، سرگودھا، بھکر اور میانوالی میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ وقفے وقفے سے بارش اور بعض مقامات پر موسلادھار بارش کی بھی توقع ہے۔ محکمہ موسمیات کا مزید کہنا ہے کہ 12 سے 14 جولائی کے دوران بہاولپور، ڈیرہ غازی خان، ملتان، خانیوال، لودھراں، مظفر گڑھ، راجن پور اور رحیم یار خان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔ اسی طرح خیبر پختونخوا میں 11 سے 15 جولائی کے دوران دیر، چترال، سوات، مالاکنڈ، شانگلہ، بٹگرام، بونیر، کوہاٹ، باجوڑ، مہمند، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور میں بارش ہونے کا امکان ہے۔ پشاور، مردان، چارسدہ، وزیرستان، بنوں اور ڈیرہ اسماعیل خان میں بھی تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ وقفے وقفے سے بارش کی توقع ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close