وقفے وقفے سے بارشوں کی پیشگوئی

لاہور(پی این آئی)وقفے وقفے سے بارشوں کی پیشگوئی۔۔۔۔۔صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں ابر رحمت سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا، موسم خوشگوار ہونے سے شہریوں کے چہرے خوشی سے کھل اٹھے۔لاہور کے مختلف علاقوں شملہ پہاڑی، لکشمی چوک، ڈیوس روڈ، کینال روڈ، اچھرہ ، قرطبہ چوک ، چوبرجی و اطراف سمیت دیگر علاقوں میں بادل برسے جس سے درجہ حرارت میں نمایاں کمی ہوئی ہے۔

موسم کا حوال بتانے والوں نے لاہور میں آئندہ تین روز تک وقفے وقفے سے بارشوں کی پیشگوئی کی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق آج شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 25 جبکہ زیادہ سے زیادہ 33 ڈگری سینٹی گریڈ تک جاسکتا ہے، ہوا کی رفتار 18کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 79 فیصد تک جا پہنچا ہے۔ادھر ترجمان پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ پنجاب کے بیشتر ڈویژنز میں طوفان کے ساتھ شدید بارشیں متوقع ہیں، جنوبی پنجاب کے بیشتر اضلاع میں آندھی اور جھکڑ چلنے کے امکانات ہیں۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے نے کہا ہے کہ تیز بارشوں سے پنجاب کے ندی نالے بپھر سکتے ہیں، طوفان سے بجلی کے کھمبوں، سولر پلیٹوں کو نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے، مو سمی صورتحال کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ کو الرٹ جاری کر دیا ہے۔دوسری جانب دیپالپور شہر اور گرد و نواح میں بھی بادل برس پڑے، رینالہ خورد شہراور مضافات میں موسلا دھار بارش سے گلیاں اور بازار ندی نالوں کا منظر پیش کرنے لگے۔رینالہ خورد میں موسلا دھار بارش کے بعد شہر اور گردونواح میں بجلی کے تمام فیڈر ٹرپ کرگئے، شہر میں بجلی کی سپلائی معطل ہونے سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close