کراچی(پی این آئی) محکمہ موسمیات نے کراچی میں 8 جولائی سے مون سون کی پہلی بارش کا امکان کیا ہے۔
ہفتے کو کراچی میں ہیٹ ویو کی صورتحال رہی اور درجہ حرارت 38.4 ڈگری ریکارڈ کیا گیا ۔اتوار سے غیر فعال سمندری ہوائیں مکمل بحال ہونے کی توقع ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق ہفتے کو شہر میں چھٹے روز بھی گرم و مرطوب دن ریکارڈ ہوا جس کے دوران جزوی اور مکمل ہیٹ ویو جیسی صورتحال رہی، سمندری ہوائیں معطل ہونے اور بلوچستان کی شمال مشرقی سمت کی گرم ہوائیں چلنے کے سبب دوپہر کے وقت شدید گرمی اور حبس محسوس کیا گیا۔چیف میٹرولوجسٹ کراچی سردار سرفراز کے مطابق مون سون کے باقاعدہ سسٹم کے تحت 8 جولائی سے شہر میں بارش کا امکان ہے۔سردار سرفراز کے مطابق ہفتے کو بحیرہ عرب میں موجود ہوا کا کم دبا شہر سے مزید دور چلے جانے کے سبب بارشوں کا امکان ختم ہوگیا تھا تاہم اس سسٹم کے اثرات کے نتیجے میں کہیں کہیں بوندا باندی اور پھوار ہوسکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ہفتے کو شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 38.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 49 فیصد رہا، ہیٹ انڈیکس گرمی کا اصل درجہ حرارت سے زائد احساس 48ڈگری سینٹی گریڈرہا۔ ، اتوار اور پیر کو زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 تا 37 ڈگری کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں