مون سون بارشوں کا باقاعدہ آغاز کب ہوگا؟ بڑی پیشنگوئی

لاہور ( پی این آئی )پنجاب ڈیزاسٹر مینجنمنٹ اتھارٹی ( پی ڈی ایم اے ) نے مون سون بارشوں بارے الرٹ جاری کردیا۔

یکم جولائی سے پنجاب میں مون سون بارشوں کا سلسلہ شروع ہونے کی پیشگوئی کی گئی ہے، جولائی کے پہلے ہفتے میں 15 سے 50 ملی میٹر بارش، دوسرے ہفتے میں 25 سے 35 ملی میٹر، تیسرے ہفتے میں بالائی اور جنوبی پنجاب میں 15 سے 25 ملی میٹر جب کہ چوتھے ہفتے میں 50 سے 70 ملی میٹر بارشوں کی توقع ہے، جولائی میں بالائی، وسطی اور جنوبی پنجاب میں گرج چمک کے ساتھ تیز بارشیں متوقع ہیں، مون سون بارشوں سے اربن فلڈنگ اور جنوبی پنجاب میں ہل ٹورنٹس کا بھی خطرہ ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے علی عرفان کاٹھیا نے کہا ہے کہ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات کے پیش نظر اس سلسلہ میں تمام متعلقہ محکموں کو الرٹ کر دیا گیا ہے، ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ مون سون بارشوں سے قبل تمام تر حفاظتی اقدامات کو یقینی بنا یا جائے، ندی نالوں کی صفائی اور نکاسی آب کے انتظامات جلد از جلد مکمل کیے جائیں، باہمی تعاون اور قبل از وقت انتظامات سے قدرتی آفات کے نقصانات سے بچا جا سکتا ہے، شہریوں کے جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہے اور اس سلسلہ میں کوتاہی یا غیرذمہ داری برداشت نہیں کی جائے گی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close