شہری ہوجائیں تیار۔۔ بارشوں کے تگڑے سلسلے کی پیشنگوئی کر دی گئی

لاہور (پی این آئی) مون سون کے آغاز سے قبل بارشوں کے تگڑے سسٹم کی ملک میں آمد۔ تفصیلات کے مطابق ملک میں گزشتہ ایک ماہ سے جاری قیامت خیز گرمی کی لہر کا زور ٹوٹ گیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ماہرین موسمیات نے بتایا ہے کہ ملک میں مون سون بارشوں کے سیزن کے باقاعدہ آغاز سے قبل بارشوں کے تگڑے سسٹم کی ملک میں آمد ہوئی ہے، اسی سسٹم کے باعث گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران لاہور سمیت ملک کے کئی شہروں میں بادل خوب برسے اور یوں قیامت خیز گرمی کی لہر کا زور ٹوٹ گیا۔ بتایا گیا ہے کہ پاکستان میں موجود بارش کے سسٹم کی بدولت مزید بارشوں کا امکان ہے۔ آئندہ 3 سے 4 روز میں ملک کے اکثر مقامات میں گرج چمک کے ساتھ بارشیں متوقع ہیں۔ جبکہ آئندہ 24 گھنٹوں میں وفاقی دارلحکومت اسلام آباد، شمال مشرقی بلوچستان، پنجاب، خیبر پختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں آندھی /جھکڑ چلنے اور گرج چمک کے ساتھ چند مقامات پربارش کا امکان ہے۔

موسلادھار بارش کے باعث سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا بھی خدشہ ہے، اسی باعث متعلقہ حکام کو الرٹ کر دیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اسلام آباد میں بادل چھائے رہیں گے، وفاقی دارالحکومت کے گرد و نواح میں بھی مطلع جزوی ابرآلود ہوگا جہاں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے مختلف علاقوں میں بارش متوقع ہے، اسلام آباد، راولپنڈی، جہلم، اٹک، جھنگ، ناروال، سیالکوٹ میں تیز ہوائیں اور بارش ہوسکتی ہے، اسی طرح خطہ پو ٹھو ہار، بالائی خیبرپختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ بتایا گیا ہے کہ عید کے تیسرے روز گرمی کی شدت میں معمولی کمی دیکھی گئی ، سورج اور بادلوں کے درمیان آنکھ مچولی کا سلسلہ جاری رہا ، کم سے کم 28 اور زیادہ سے زیادہ 42 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔

دوسری جانب صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں مون سون سیزن کے دوران معمول سے زیادہ بارشیں ہونے کا امکان ظاہر کردیا گیا۔ چیف میٹرولوجسٹ لاہور شاہد عباس کا کہنا ہے کہ بھارت میں ابھی مون سون کا آغاز نہیں ہوا، بھارت میں پری مون سون کے اثرات پاکستان پر بھی پڑتے ہیں، مون سون بارشیں جون کے آخر سے شروع ہوں گی، مون سون میں معمول سے زیادہ بارشیں ہوں گی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں