محکمہ موسمیات نے کہاں کہاں بارشوں کی پیشنگوئی کر دی؟

اسلام آباد(پی این آئی)ہفتہ کے روز موسم کی صورتحال کے متعلق محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اسلام آباد اور گرد و نواح میں دن کے اوقات میں موسم گرم اور خشک جبکہ شام یا رات میں مطلع جزوی ابرآلود رہنے کے علاوہ آندھی ، جھکڑ چلنے اورگرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے، تاہم شام یا رات میں دیر، سوات، مالاکنڈ،باجوڑ ،کوہستان، چترال ، شانگلہ،بٹگرام، بونیر ،مانسہرہ ، ایبٹ آباد،ہری پور ،پشاور، کوہاٹ، ہنگو، کرک، بنوں، لکی مروت، ٹانک، مہمند، خیبر، اور کزئی، کرم اور وزیرستان میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ چند مقا مات پر بارش کا امکان ہے ۔محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک جبکہ وسطی اور جنوبی اضلاع میں موسم شدید گرم رہنے کا امکان ہے، تاہم شام یا رات میں مری ،گلیات،راولپنڈی، اٹک، جہلم ، چکوال،گجرات، گوجرانوالہ، وزیر آباد، سیالکوٹ، نارووال، منڈی بہاؤالدین،اوکاڑہ،قصور،حافظ آباد اور لاہور میں چند مقامات پر آندھی ،جھکڑ چلنے اورگرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے، تاہم شام یا رات میں ژوب، شیرانی، موسیٰ خیل، بارکھان، ڈیرہ بگٹی، نصیر آباد، جعفر آباد، قلات، خضدار،لسبیلہ اورآواران میں مطلع جزوی ابرآلود رہنے کے علاوہ آندھی ، جھکڑ چلنے اورگرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔ سندھ کے بیشتر بالائی اضلاع میں موسم شدید گرم جبکہ ساحلی علاقوں میں گرم اور مرطوب رہے گا، تاہم وسطی اور جنوبی اضلاع میں بعد از دوپہر گرد آلود ہوائیں، جھکڑ چلنے کا امکان ہے۔ اس کے علاوہ کشمیر اور گلگت بلتستان میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ چند مقامات پر بارش کا امکان ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close