محکمہ موسمیات نے آج کہاں کہاں بارش کی پیشنگوئی کردی؟

اسلام آباد(پی این آئی)جمعہ کے روز موسم کی صورتحال کے متعلق محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اسلام آباد اور گر دو نواح میں دن کے اوقات میں موسم گرم اور خشک جبکہ شام یا رات میں مطلع جزوی ابرآلود رہنے کے علاوہ آندھی ، جھکڑ چلنے اورگرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔

خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع دیر، سوات، مالاکنڈ،باجوڑ ،کوہستان، چترال ، شانگلہ، بٹگرام، بونیر ،مانسہرہ ، ایبٹ آباد اورہری پور میں گرج چمک کے ساتھ چند مقا مات پر بارش جبکہ شام یا رات پشاور، مردان، صوابی، نوشہرہ، چارسدہ،کوہاٹ، ہنگو، کرک، بنوں، ڈی آئی خان ،لکی مروت ، ٹانک، مہمند، خیبر، اورکزئی، کرم اور وزیرستان میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ چند مقا مات پر بارش کا امکان ہے ۔محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک جبکہ وسطی اور جنوبی اضلاع میں شدید گرم رہنے کا امکان ہے، تاہم شام یا رات میں مری ،گلیات، راولپنڈی،اٹک،تلہ گنگ ،چکوال، جہلم، گجرات ،میانوالی، خوشاب ،بھکر، سرگودھا، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، فیصل آباد، ساہیوال، اوکاڑہ، قصور، ننکانہ صاحب، لاہور، حافظ آباد، منڈی بہاؤالدین، وزیر آباد، سیالکوٹ، نارووال اورگوجرانوالہ میں چند مقامات پر آندھی ، جھکڑ چلنے اورگرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، جبکہ ڈی جی خان،تونسہ،لیہ اور راجن پور میں بھی آندھی، جھکڑ چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے، تاہم شام یا رات میں خضدار،قلات ،لسبیلہ،پنجگور اورآواران میں مطلع جزوی ابرآلود رہنے کے علاوہ آندھی /جھکڑ چلنے اورگرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے ۔ سندھ کے بیشتر بالائی اضلاع میں موسم شدید گرم جبکہ ساحلی علاقوں میں گرم اور مرطوب رہے گا۔ بعد از دوپہر وسطی ، جنو بی اضلاع میں تیز اور گرد آلود ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔ اس کے علاوہ کشمیر اور گلگت بلتستان میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ چند مقامات پر بارش کا امکان ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں