محکمہ موسمیات نے پری مون سون بارشوں کے آغاز کی پیشنگوئی کر دی

لاہور (پی این آئی) پری مون سون بارشوں کے آغاز کی تاریخ بتا دی گئی، بارشوں کے سلسلے کے آغاز سے قیامت خیز گرمی کی چھٹی ہو جانے کا امکان۔ تفصیلات کے مطابق عید الاضحٰی کی آمد سے قبل ہی ملک میں ایک مرتبہ پھر قیامت خیز گرمی کی لہر کی آمد ہوئی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق قیامت خیز گرمی کی نئی لہر کے آغاز کے بعد سے پھر سے ملک کے کئی علاقوں میں درجہ حرارت 50 ڈگری سینٹی گریڈ سے بھی تجاوز کر گیا۔ جبکہ لاہور سمیت پنجاب اور سندھ کے میدانی علاقے ناقابل برداشت گرمی کی لہر کی زد میں ہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق 19جون کے بعد ملک میں پری مون سون کی بارشوں کے آغاز کا امکان ہے۔ اس سال مون سون سیزن میں بھی معمول سے زیادہ بارش ہونے کی توقع کی جا رہی ہے۔ مزید بتایا گیا ہے کہ عید الاضحٰی پر میدانی علاقوں میں بارش کا کوئی امکان نہیں ہے۔ عید کے تینوں ایام میں قیامت خیز گرمی کی لہر برقرار رہنے کے بعد شہریوں کا دن کے وقت میں گھروں سے باہر نکلنا بہت مشکل ہو گا۔ دوسری جانب رواں سال مون سون سیزن میں معمول سے زیادہ بارشوں کے امکان کے حوالے سے ماہرین موسمیات کا کہنا ہے کہ ہمارے ملک میں سالانہ اوسطاً188 ملی میٹر بارش ہوتی ہے جس میں سے کم و بیش اوسطاً141 ملی میٹر بارش مون سون کے دوران برستی ہے جس کی مقدار اِس مرتبہ 35 فیصد زیادہ رہنے کا امکان ہے ظاہر کر دیا گیا ہے، اس کے ساتھ ساتھ درجہ حرارت بھی معمول سے زیادہ رہنے کی توقع ہے۔ درجہ حرارت معمول سے زیادہ رہنے کی وجہ سے لامحالہ گلیشئرز کے پگھلنے کی رفتار میں بھی تیزی آئے گی اور اس صورت حال میں دریائوں میں سیلابی صورت پیدا ہونے کے امکانات کو خارج از امکان قرار نہیں دیا جاسکتا۔

این ڈی ایم اے حکام کے مطابق اس سال معمول سے زیادہ بارشیں ہوں گی جس کے لیے مارچ سے تیاریاں شروع کر رکھی ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close