گرمی سے پریشان شہریوں کیلئے اچھی خبر، محکمہ موسمیات نے بارشوں کی پیشنگوئی کر دی

لاہور (پی این آئی) قیامت خیز گرمی پڑنے کے بعد بارش کی پیش گوئی، محکمہ موسمیات نے ملک کے کئی علاقوں میں بارش کا امکان ظاہر کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات نے بتایا ہے کہ ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے تاہم بالائی خیبر پختونخوا، خطہ پوٹھوہار، گلگت بلتستان اورآزاد کشمیر میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ تیز ہوائیں، جھکڑ چلنے اور گرج چمک کے ساتھ چند مقامات پر بارش کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم شدید گرم رہنے کے علاوہ تیز ہوائیں اور جھکڑ چلنے کا امکان ہے، تاہم شام کے اوقات میں مری ،گلیات، راولپنڈی، اٹک اور جہلم میں چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم شدید گرم اور خشک ر ہنے کے علاوہ بعداز دوپہرجھکڑ اور گرد آلود ہوائیں چلنے کا امکان ہے،بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہے گا۔ خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک اور گرم رہے گا جبکہ چترال، دیر، سوات، ایبٹ آباد، بالاکوٹ، کوہستان، شانگلہ اور کرم میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ چند مقامات پرتیز ہوائیں، جھکڑ چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ چند مقامات پر تیز ہواوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔