ملک میں شدید ہیٹ ویو کا خطرہ ، الرٹ جاری

لاہور (پی این آئی ) ہیٹ ویو کے خطرہ کے پیشِ نظر پی ڈی ایم اے پنجاب نے متعلقہ اداروں کو گائیڈ لائنز جاری کردیں۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے ضلعی انتظامیہ کو ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کیں۔ 21 سے 27 مئی کے دوران پنجاب میں شدید ہیٹ ویو کا خدشہ ہے۔تفصیلات کے مطابق ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا کا مزید کہنا تھا کہ پنجاب کے بڑے شہر میدانی علاقے اور خصوصاً جنوبی پنجاب کے اضلاع گرمی کی شدید لپیٹ میں آنے کا خطرہ ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایات کے پیش نظر ہیٹ ویو سے بچاؤ کیلئے حفاظتی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ ڈی سیز کو عوامی مقامات پر ہیٹ ویو سے بچاؤ کی سہولیات یقینی بنانے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ ضلعی انتظامیہ کو ہیلپ لائن نمبرز اور مساجد میں اعلانات کے ذریعے عوامی آگاہی مہم چلانے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔

ڈی جی عرفان علی کاٹھیا کا مزید کہنا تھا کہ پرنٹ، الیکٹرانک اور سوشل میڈیا کے ذریعے شہریوں کو ہیٹ ویو کے خطرات سے آگاہ کریں۔ کسانوں کو ہیٹ ویو کے فصلوں پر اثرات سے متعلق آگاہی دی جائے ۔ لوکل گورنمنٹ ڈیپارٹمنٹ عوامی اجتماع والی جگہوں پر پانی کی فراہمی یقینی بنائیں۔ بس اڈوں اور ریلوے اسٹیشنز پر بینرز کے ذریعے شہریوں کو ہیٹ ویو بارے آگاہی دیں۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے ویٹرنری کیئر سینٹرز کو 24 گھنٹے فعال رکھنے کی ہدایات بھی جاری کیں۔ جانوروں کی منڈیوں کے مقامات پر صاف پانی کی فراہمی یقینی بنائیں۔ پی ڈی ایم اے پنجاب کی جانب سے محکمہ صحت کو ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل اسٹاف کی چھٹیاں منسوخ کرنے کی ہدایات کی گئیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close