گرمی سے پریشان شہریوں کیلئے اچھی خبر، دھڑلے کی بارشیں شروع ہونے کی پیشنگوئی

اسلام آباد(پی این آئی)آج رات موسم کی صورتحال کے حوالے سے محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ملک کےبیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے،
تاہم بالائی خیبر پختونخوا ، خطہ پوٹھوہار ، گلگت بلتستان اورکشمیر میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ تیز ہوائیں ، جھکڑ چلنے اور گرج چمک کے ساتھ چند مقامات پر بارش کا امکان ہے۔

پیر کے روز موسم کی صورتحال کے متعلق محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اسلام آباد اور گر دو نواح میں موسم خشک اور گرم رہے گا، تاہم شام کے اوقات میں تیز ہوائیں، جھکڑ چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔ خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک اور گرم رہے گا، جبکہ چترال ، دیر، سوات، ایبٹ آباد، بالاکوٹ، کوہستان، شانگلہ اور کرم میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ چند مقامات پرتیز ہوائیں ،جھکڑ چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم شدید گرم رہنے کے علاوہ تیز ہوائیں ،جھکڑ چلنے کا امکان ہے، تاہم شام کے اوقات میں دوران مری ، گلیات، راولپنڈی، اٹک اور جہلم میں چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔ بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہے گا، سندھ کے بیشتر اضلاع میں بھی موسم شدیدگرم اور خشک ر ہنے کے علاوہ بعداز دوپہرجھکڑ ،گرد آلود ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔ اس کے علاوہ کشمیر اور گلگت بلتستان میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں