ہائے گرمی ۔۔۔ ہیٹ ویو الرٹ جاری

لاہور(پی این آئی)ہائے گرمی ۔۔۔ ہیٹ ویو الرٹ جاری۔۔۔ پی ڈی ایم اے پنجاب نے رواں ماہ ہیٹ ویو کا الرٹ جاری کردیا۔ ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق مئی میں درجہ حرارت میں 45 ڈگری تک جانے کے امکانات ہیں۔ 21 سے 27 مئی تک پنجاب کے بڑے شہروں اور میدانی علاقوں میں ہیٹ ویو کے شدید خطرات ہیں۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا کا کہنا تھا کہ وزیر اعلی پنجاب کی ہدایت کے مطابق ضلعی انتظامیہ کو الرٹ جاری کر دیا ہے۔

پنجاب بھر میں ضلعی انتظامیہ کو موسمی صورت حال سے آگاہ کر دیا ہے۔ فصلوں کی باقیات کو ہرگز نہ جلائیں، خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔ انتظامیہ عوامی مقامات پر صاف پانی کی فراہمی کو یقینی بنائے۔ ڈی جی عرفان علی کاٹھیا نے مزید ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ہسپتالوں اور موبائل ہیلتھ یونٹس میں ہیٹ سٹروک سے متعلق ابتدائی طبی امداد کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ گرمی اور لو کی شدت میں اضافے سے عوام الناس کو بھی محتاط رہنا ہو گا۔ دوپہر کے وقت کام کرنے والے لو سے بچنے کا اہتمام کریں۔ ہلکے رنگ کے کپڑے پہنیں سر ڈھانپ کر رکھیں۔ بچوں بزرگوں کا خاص خیال رکھیں غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں