لاہور (پی این آئی ) صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں مزید بارشوں کے پیش نظر الرٹ جاری کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق منیجنگ ڈائریکٹر واسا غفران احمد نے لاہور میں مزید بارشوں کی پیشگوئی کے سلسلے میں حفاظتی و تدارکی اقدامات کے تحت واسا لاہور کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے، شہر کے مختلف علاقوں میں ہلکی بارش کے بعد ایم ڈی واسا نے ہیڈ آفس میں ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ تمام سٹاف و مشینری مکمل الرٹ رہیں، تمام ڈسپوزل اسٹیشنز کی سکرینوں کو مکمل صاف رکھا جائے، ٹریفک رواں دواں رکھنے کیلئے انڈر پاس پمپس کو مکمل آپریشنل رکھا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ واسا کے افسران و سٹاف نکاسی آب کیلئے فیلڈ میں موجود رہیں، تمام ایمرجنسی کیمپس پر سٹاف کی حاضری یقینی بنائی جائے تاکہ مزید ممکنہ بارشوں کے پیش نظر کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹا جاسکے، بارش کے بعد مختلف علاقوں کو بروقت بارشی پانی سے کلیئر کر دیا گیا ہے، تمام جنریٹرز آپریشنل اور اسٹینڈ بائی رکھے گئے ہیں، بجلی کی بندش کی صورت میں ڈسپوزل اسٹیشنز کو جنریٹرز پر چلایا جائے۔
ادھر پی ڈی ایم اے پنجاب نے 9مئی سے جاری ابتک بارشوں اور آندھی سے نقصانات کی رپورٹ جاری کردی ،جس میں بتایا گیا ہے کہ چھتیں گرنے سے 2بچے جاں بحق اور 25افراد زخمی ہوئے، سرگودھا،بھکر،شیخوپورہ،قصور،گوجرانوالہ،فیصل آباد اور چنیوٹ میں طوفان اور بارشوں سے 11مکانات متاثر ہوئے جبکہ 9چھتیں گرنے 2بچے جاں بحق اور 25زخمی ہوگئے ، چنیوٹ میں مکان کی چھت گرنے سے 4سالہ بچی حنا اورشیخو پورہ میں 10سالہ بچہ جاں بحق ہوئے جبکہ زخمی افراد میں 4 مرد، 9 خواتین اور 12 بچے شامل ہیں۔ درایں اثنا ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے زخمیوں کو بہترین طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں، انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب کی ہدایات کے مطابق انتظامیہ الرٹ ہے اورپی ڈی ایم اے کنٹرول روم میں 24گھنٹے صورتحال کی مانیٹرنگ جاری ہے۔
کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی صورت میں متعلقہ ادارے فوری ریسپانڈ کریں،قدرتی آفات کا مقابلہ مل کر اور باہمی تعاون سے ہی ممکن ہے، شہری خراب موسم کی صورتحال میں احتیاطی تدابیر اختیار کریں، طوفانی بارشوں اور بجلی کی گرج چمک کے دوران محفوظ مقامات پر رہیں،سفر سے پہلے موسم کی صورتحال کا جائزہ لیں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں