شہری ہوجائیں تیار،بارشیں برسانے والا نیا سسٹم ملک میں داخل

کوئٹہ(پی این آئی) ایران سے بارش برسانے والا ایک اور سسٹم بلوچستان میں داخل ہوگیاجس کے بعد کوئٹہ سمیت صوبے کے 13 اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔محکمہ موسمیات کا بتانا ہےکہ اس سسٹم کے تحت جمعہ کو صوبے کے اضلاع کوئٹہ، چمن،زیارت، پشین ،مستونگ ،قلعہ سیف اللہ ، شیرانی ،موسی خیل ،ژوب، بارکھان، نوکنڈی، خضدار اور قلات میں چند مقامات پر آندھی چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔

ہفتہ کے روز ملک کے بیشترعلاقوں میں موسم خشک جبکہ وسطی اور جنوبی علاقوں میں گرم رہے گا۔تاہم بالائی پنجاب ، بالائی خیبرپختونخوا، اسلام آباد ,گلگت بلتستان اورکشمیر میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ چند مقامات پر تیز ہواؤں/جھکڑ اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔جبکہ جنوبی پنجاب اور بالائی سندھ میں آندھی/جھکڑ چلنے کا بھی امکان ہے۔گذشتہ 24 گھنٹے کا موسم ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک/مطلع جزوی ابر آلود جبکہ جنوبی علاقوں میں گرم رہا۔ تاہم خیبرپختونخوا ، شمالی بلوچستان میں چند مقاما ت پر بارش/بونداباندی ہوئی۔ سب سے زیادہ بارش: خضدار 12،کوئٹہ ( سمنگلی)01 اور خیبرپختونخوا :میر کھانی 02ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ آج ریکارڈ کیے گئے زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت : شہید بینظیر آباد،جیکب آباد،دادو میں 42ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close