اسلام آباد(پی این آئی)محکمہ موسمیات کے مطابق آج شمالی بلوچستان میں برفباری سے سڑکیں بند اور گاڑیوں کی آمد ورفت میں خلل جبکہ بلوچستان خصوصا گوادر، کیچ، پنجگور اور آواران میں موسلادھار بارش کے باعث مقامی ندی نالوں میں طغیانی کا بھی خدشہ ہے۔
26 فروری کی شام یا رات اور27 فروری کو مری، گلیات، ناران، کاغان، دیر، سوات، کوہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد، شانگلہ، استور، ہنزہ، اسکردو، وادی نیلم، باغ، پونچھ اور حویلی میں برفباری سے گاڑیوں کی آمد ورفت میں خلل کا امکان ہے۔ منگل کے روزموسم کی صورتحال کے متعلق محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اسلام آباد اور گر دو نواح میں موسم سرد اور مطلع جزوی ابرآلود رہے گا، خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں مطلع ابرآلود رہنے کے علاوہ چترال، دیر، سوات، شانگلہ، کوہستان، بونیر، مانسہرہ اور ایبٹ آباد میں گرج چمک کے ساتھ چند مقامات پر بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے، اس دوران بعض مقامات پر ژالہ باری کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور مطلع جزوی ابرآلودرہے گا۔ مر ی، گلیات اور گردو نواح میں ہلکی بارش ہوسکتی ہے۔
اس کے علاوہ پنجگور، گوادر، آواران، خضدار، قلات ، تربت، کیچ، کوئٹہ، زیارت، چمن، پشین، قلعہ عبداللہ اور قلعہ سیف اللہ میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔ سندھ کے بیشتر اضلاع میں مطلع جزوی ابرآلود رہنے کا امکان ہے، جبکہ کشمیر اور گلگت بلتستان میں موسم شدیدسرد اور مطلع ابر آلود رہنے کے علاوہ چند مقا مات پرتیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں