سردیاں تو ابھی شروع ہوئیں، محکمہ موسمیات نے کہاں کہاں بارشوں اور برفباری کی پیشنگوئی کردی

ایبٹ آباد (پی این آئی) سیاحتی مقامات پر کئی فٹ برفباری کے بعد مزید برفباری اور بارشوں کا امکان، مغربی ہواوں کا ایک اور سسٹم ملک میں داخل ہو گیا، مری، گلیات، گلگت بلتستان، بلوچستان میں مزید برفباری کے امکان کے پیش نظر سیاحوں کو خبردار کر دیا گیا۔

 

 

دوسری جانب گلیات میں دو روز کے دوران دو فٹ سے زائد برف پڑ گئی،گلیات کے سیاحتی مقامات نتھیاگلی،ڈونگا گلی،چھانگلہ گلی سمیت دیگر علاقوں میں دو روز سے برفباری کا سلسلہ وقفے،وقفے سے جاری ہے،اسسٹنٹ ڈائریکٹر گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی احسن حمید کے مطابق گلیات کے علاقوں میں دو فٹ سے زائد برف پڑ چکی ہے،برفباری کا یہ سلسلہ مزید ایک روز تک جاری رہنے کا امکان ہے،سیاحوں کی سہولیات کے لیے چھانگلہ گلی اور نتھیا گلی میں کنٹرول روم ایکٹو ہیں جبکہ سڑکوں سے برف ہٹانے کے لیے مشینری الرٹ ہے،جی ڈی اے کاعملہ سیاحوں کی مدد کے لیے ہر ممکن وسائل بروئے کار لا رہا ہے،ترجمان ریسکیو کے مطابق ریسکیو عملہ بھی برفباری کے دوران گلیات میں سیاحوں کو مدد فراہم کرنے میں مصروف عمل ہے۔

 

 

 

جبکہ ملکہ کوہسار مری میں گزشتہ روز سے مسلسل ہونے والی بارش کے باعث راولپنڈی ٹریفک پولیس نے مری جانے والے سیاحوں کے لیے ایڈوائزری جاری کردی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق مری میں گزشتہ روز سے تیزہواؤں کے ساتھ بارش کے بعد موسم انتہائی سرد ہوگیا جبکہ تیزہواؤں کے باعث بجلی کا نظام بھی بری طرح متاثر ہوا۔موسم خوشگوار ہونے کے بعد سیاحوں نے بڑی تعداد میں مری کا رخ کرلیا ہے، مری جانے والے سیاحوں کے لیے راولپنڈی ٹریفک پولیس نے ایڈوائزری جاری کردی ہے۔سی ٹی او تیمورخان کے مطابق مری میں شدید دھند کے باعث گاڑی کی رفتار کم رکھیں، تیز بارش اور دھند میں فوگ لائٹ اور ڈبل اشاروں کا استعمال کریں، لینڈ سلائیڈنگ کے خطرہ کے پیش نظر غیرضروری سفر سے گریز کریں۔ انہوں نے کہاکہ دوران ڈرائیونگ جلد بازی اور ڈبل لائن بنانے سے اجتناب کریں۔

 

 

 

دوطرفہ ٹریفک چلنے کی وجہ سے اوورٹیکنگ سے گریزکریں۔ دوران سیاحت اپنی گاڑی کو مناسب اور محفوظ جگہ پر پارک کریں۔ادھر کالام میں بھی شدید برف باری کے بعد رابطہ سڑکیں بلاک ہونے سے سیاح ہوٹلوں تک محصور ہوگئے ہیں۔کالام میں بجلی کی سپلائی معطل ہونے سے مقامی افراد اور سیاحوں کو مشکلات کا سامنا رہا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close