شدید بارشوں اور سیلاب کی وارننگ جاری

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) پنجاب کی پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے صوبے کے متعدد شہروں میں شدید بارشوں اور سیلاب کی وارننگ جاری کر دی گئی۔

پی ڈی ایم اے کی طرف سے یہ وارننگ مری، گلیات، راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، منڈی بہائوالدین، میانوالی، خوشاب، سرگودھا، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد، فیصل آباد، جھنگ، سیالکوٹ، نارووال، لاہور اور قصور کے لیے جاری کی گئی ہے۔پی ڈی ایم اے کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ ملتان، بھکر، کوٹ ادو، لیہ، راجن پور اور ڈیرہ غازی خان کے علاقوں میں18سے 19فروری کے دوران ممکنہ طور پر ہلکی سے درمیانی بارش ہونے کی توقع ہے۔پی ڈی ایم اے کی طرف سے متعلقہ اضلاع کی ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز (ڈی ڈی ایم ایز) کو ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار رہنے اور ضروری انتظامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔اتھارٹی کی طرف سے ان علاقوں میں مسافروں کو بھی سیلاب اور لینڈسلائیڈنگ کے ممکنہ خطرات سے متنبہ کیا گیا ہے۔

دوسری طرف نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کی طرف سے گلگت بلتستان، خیبرپختونخوا، اسلام آباد اور بلوچستان میں درمیانی اور شدید نوعیت کی بارشیں ہونے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ این ڈی ایم اے کے مطابق ان علاقوں میں 18سے 20فروری کے دوران بارش اور برفباری کے سبب کئی شاہراہیں بند ہو سکتی ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close