بارشیں اب رُکنے والی نہیں، محکمہ موسمیات نے مزید کتنے روز بارشیں جاری رہنے کی پیشنگوئی کر دی؟

لاہور ( پی این آئی) آج سے 4 فروری تک ملک میں مزید بارشوں کی پیشگوئی کر دی گئی۔آج سے مغربی ہواؤں کا سلسلہ ملک پر اثراندز ہو رہا ہے، سندھ میں بھی جمعہ اور ہفتے کے روز ہلکی سے درمیانی بارش کی توقع کی جا رہی ہے۔

لاہور سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، راولپنڈی میں بارش سے موسم سرد ہوگیا جبکہ لاہور کے مختلف علاقوں میں صبح سویرے بادل برس پڑے، لاہور کے علاقے گڑھی شاہو، مال روڈ، لکشمی چوک، شملہ پہاڑی اور باغبانپورہ میں بارش ہوئی، مغل پورہ، گوالمنڈی، ریلوے سٹیشن اور لاری اڈا کے اطراف بھی رم جھم ہوئی، چوبرجی، انارکلی ،مزنگ، چونگی امرسدھو، گجومتہ اور کاہنہ سمیت مختلف علاقوں میں بونداباندی کے باعث دھند میں نمایاں کمی آگئی۔موسم کا احوال بتانے والوں کا کہنا ہے کہ مغربی ہوائوں کا سلسلہ ملک پر اثر انداز ہو رہا ہے جو 4فروری تک برقرار رہے گا، صوبائی دارالحکومت لاہور میں 4 فروری تک وقفے وقفے سے بارش برسنے کا سلسلہ جاری رہے گا، شہر میں کم سے کم درجہ حرارت 12جبکہ زیادہ سے زیادہ 14ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔ گلیات میں تیسرے روز بھی وقفے وقفے سے بارش اور برفباری کا سلسلہ جاری رہا۔

گلیات کی بالائی چوٹیوں پر 9انچ کے قریب برفباری ہو چکی، جس سے سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا، کم سے کم درجہ حرارت منفی 4جبکہ زیادہ سے زیادہ ایک ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔خیبرپختونخوا میں بارش کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا، شوگراں، سری پایہ ، مکڑہ پیک پر برف پہاڑوں نے سفید چادر اوڑھ لی ، ناران جھیل سیف الملوک، لولوسر لیک پر چار فٹ برف ریکارڈکی گئی۔محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چند روز تک پہاڑوں پر بارش اور برف باری کا سلسلہ جاری رہے گی۔صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے مطابق مری، گلیات، سوات اور کوہستان میں بارش، برف باری اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث رابطہ سڑکیں بند ہونے کا خدشہ ہے، بارش اور برف باری کے دوران سیاحوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close