لاہور (پی این آئی ) ملک میں بارشوں اور برفباری سے متعلق الرٹ جاری کردیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق پی ڈی ایم اے پنجاب نے انتظامیہ کو بارشوں اور برفباری سے متعلق الرٹ جاری کیا۔
جس میں کہا گیا ہے کہ آج سے 31 جنوری تک پنجا ب کے میدانی علاقوں میں بارش اور ملک کے پہاڑی علاقوں میں برف باری کا امکان ہے، مری، گلیات کے علاقوں میں 27 سے 31 جنوری ہلکی اور تیز بارش کے ساتھ برف باری کا امکان ہے، راولپنڈی، گجرانوالا، لاہور، نارووال ، منڈی بہاؤالدین، میانوالی اور سرگودھا میں 30 و 31 جنوری کو بارش ہوگی۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ پی ڈی ایم اے نے پنجاب بھر میں انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کی ہیں کیوں کہ مری اور گلیات میں برف باری سے سڑکوں کی صورت حال خراب ہوسکتی ہے، سیاحو ں کو خبر دار کیا جاتا ہے موسمی صورتحال چیک کئے بنا سفر مت کریں، پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈ نگ کے امکانات ہیں جس سے سڑکیں بلاک ہو سکتی ہیں، اچانک سردی کی شدت میں اضافے سے بچاؤ کیلئے تیار رہیں۔
یہ بھی کہا گیا ہے کہ صوبائی اور قومی اداروں کے درمیان چوبیس گھنٹے معلومات کے تبادلے کا نظام موجود ہے، ریسکیو ادارے موسمی صورت حال کے پیش نظر چوبیس گھنٹے الرٹ ہیں، مین سٹریم اور لوکل میڈیا کے ذریعے بھی معلومات عوام الناس تک پہنچائی جار ہی ہیں، انتظامیہ کو بیرون ملک سے آنے والے سیاحوں کو خاص طور پر محتاط رہنے اور ان کی حفاظت کو یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے، ٹریفک پولیس کو فوگ سمیت موسم بارے باقاعدگی سے اطلاعات فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
بتایا جارہا ہے کہ ملک کے بارانی علاقے جہاں فصلوں کی پانی کی ضرورت پورا کرنے کیلئے بارشوں پر انحصار ہوتا ہے، ان علاقوں میں بارشیں نہ ہونے سے رواں سیزن گندم کی فصل پر منفی اثرات پڑنے کا خطرہ پیدا ہو گیا ہے، گزشتہ 2 ماہ سے بارش نہ ہونے سے روالپنڈی، اٹک، جہلم، چکوال کے علاقوں میں گندم کی پیداوار میں کمی کا خدشہ ہے، گزشتہ 2 ماہ سے خطہ پوٹھوار میں بارش نہ ہونے سے گندم کی فصل کو نقصان ہو سکتا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں