لاہور (پی این آئی) بارشوں کی کمی اگلے 2 ماہ میں پوری ہو گی، فروری اور رمضان المبارک کے دوران زبردست بارشوں کی پیشن گوئی۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات نے آئندہ 2 ماہ کے دوران بھرپور بارشیں ہونے کی پیشن گوئی کی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ رواں سال ملک بھر میں موسم سرما خشک ترین ثابت ہوا، تاحال ملک کے اکثریتی علاقوں میں موسم سرما کی بارشیں اور برفباری نہیں ہوئی، تاہم فروری اور رمضان المبارک کے دوران یعنی مارچ میں بارشوں اور برفباری کا امکان ہے۔جبکہ بارشوں کو ترس جانے والے اہل لاہور کو بھی خوشخبری سنائی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ 48 گھنٹوں کے دوران صوبائی دارالحکومت لاہور میں ہلکی بارش کی نوید سنا دی۔ بدھ کے روز روز بھی شہر لاہور میں دھند کے ساتھ ساتھ سردی کی شدت برقرار رہی جس سے شہر لاہور کا کم سے کم درجہ حرارت 7ڈگری سینٹی گریڈ اور زیادہ سے زیادہ 11 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ہوا میں نمی کا تناسب 90 فیصد ہونے کے ساتھ ساتھ شہر کے ایئر کوالٹی انڈیکس کی شرح 175 فیصد ریکارڈ ہونے سے شہر لاہور دنیا کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں 5ویں نمبر پر رہا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بالائی علاقوں میں بعض مقامات پر ہلکی بارش/برفباری کا امکان ہے جبکہ اسلام آباد، پنجاب ، خیبر پختونخوا اور بالائی سندھ کے میدانی علاقے شدید دھند کی لپیٹ میں رہیں گے ۔دھند سے متاثرہ علاقوں میں دن کے درجہ حرارت مسلسل کم رہنے کے باعث شدید سردی رہے گی۔ شہریوں کو انتہائی محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج جمعرات کے روز ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم شدید سرد رہے گا۔ کشمیر، گلگت بلتستان، خیبر پختونخوا اوربلوچستان میں مطلع جزوی ابر آلود رہنےکا امکان ہے جبکہ رات میں بالائی خیبر پختو نخوا اور گلگت بلتستان میں بعض مقامات پر ہلکی بارش/برفباری کا امکان ہے۔اسلام آباد، پنجاب ، خیبر پختونخوا کے میدانی علا قوں اور بالائی سندھ میں شدیددھند/سموگ چھائے رہے گی۔
شدید دھند کے باعث متاثرہ علاقوں میں موسم شدید سرد رہے گا۔گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک جبکہ شمالی علاقوں اور شما لی بلو چستان میں شدید سرد رہا۔ اسلام آباد، خطہ پوٹھوہار ،پنجاب،خیبر پختونخوا کے میدانی علاقے اور بالا ئی سندھ کے اضلاع میں شدید دھند /سمو گ کی لپیٹ میں رہے۔اس دوران ملک میں کم سے کم درجہ حرارت لہہ منفی 12 ، سکردومنفی10، کالام ،گلگت، استور منفی 07، قلات، گوپس، سرینگرمنفی 05،چترال، میرکھانی منفی 04،بونجی، دیر،ہنزہ،پاراچنار، راولاکوٹ اور کوئٹہ میں منفی 03 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں