درجہ حرارت 40 ڈگری تک کم ، نظامِ زندگی مفلوج

واشنگٹن(پی این آئی)درجہ حرارت 40 ڈگری تک کم ، نظامِ زندگی مفلوج۔۔۔۔۔۔امریکا کی زیادہ تر ریاستوں میں موسم کی شدت کے سبب نظام زندگی متاثر ہے جب کہ مختلف مقامات پر حادثات میں 6 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے۔ غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق مختلف ہوائی اڈوں سے داخلی اور بیرون ممالک تقریباً 10 ہزار پروازیں منسوخ یا التوا کا شکار ہوچکی ہیں، پچھلے تین روز میں منسوخ یا التوا کا شکار پروازوں کی تعداد 20 ہزار تک پہنچ گئی ہے۔

امریکا کی بعض ریاستوں میں درجہ حرارت معمول سے 20 سے 40 ڈگری کم ہوگیا ہے جس کے سبب امریکا کے 80 فیصد شہری نقطہ انجماد سے نیچے درجہ حرارت برداشت کرنے پر مجبور ہیں، تیز ہواؤں کے جھکڑ اور برفباری کا سامنا کرنے والی ریاست اوریگن میں 4 اموات ہوئی ہیں جہاں 90 ہزار شہری بجلی سے محروم ہیں۔ ریاست یوٹاہ میں ٹریفک حادثے میں ایک شخص ہلاک ہوا اور اس ریاست میں 4 فٹ تک برف پڑچکی ہے۔، اس کے علاوہ ریاست واؤمنگ میں برف کا تودہ گرنے سے ایک شخص ہلاک ہوا۔ریاست مونٹانا میں سرد ہواوں کے سبب درجہ حرارت منفی 40 تک گرگیا ہے جب کہ ریاست ٹیکساس میں جہاں 2021 میں طوفان کے سبب 246 افراد ہلاک ہوئے تھے وہاں شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ بجلی کا غیرضروری استعمال نہ کریں تاکہ سپلائی برقرار رہے۔ ریاست فلوریڈا کے بعض حصوں میں بھی درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے گرنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں