محکمہ موسمیات نے کہاں کہاں بارشوں اور برفباری کی پیشنگوئی کر دی؟

کوئٹہ (پی این آئی) 20 اضلاع میں بارشیں اور برفباری کی پیشن گوئی، پی ڈی ایم اے کی جانب سے متعلقہ حکام کیلئے الرٹ جاری کر دیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات نے کوئٹہ سمیت بلوچستان کے 20اضلاع میں بارش اور پہاڑوں پر برف باری کی پیش گوئی کر دی۔ محکمہ پی ڈی ایم اے کی جانب سے جاری کر دہ الرٹ کے مطابق کوئٹہ، چاغی، چمن، زیارت، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ، لورالائی، پشین، مستونگ، قلات، خاران، ہرنائی، سبی، نوشکی، خضدار،لسبیلہ،تربت،پنجگور،کیچ، آواران اور مکران کے ساحلی علاقوں میں تیز ہوائوں کے بارش جبکہ پہاڑوں پر برف باری متوقع ہے ۔ پی ڈی ایم اے کی جانب سے عوام کو بارش اور برفباری کے دوران محفوظ مقامات پر رہنے کی ہدایت کر تے ہوئے متعلقہ حکام پر بھی الرٹ رہنے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق صوبے میں بارش کا سسٹم داخل ہونے کے بعد مختلف اضلاع میں موسم سرد رہے گا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق قلات میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ کوئٹہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 1،سبی میں 5،نوکنڈی میں 7 ،تربت میں 13 جبکہ بلوچستان کے ساحلی علاقوں جیوانی میں 14اور گوادر میں 13 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق صوبے کے بیشتر اضلاع میں موسم شدید سرد رہنے کا امکان ہے۔

دوسری جانب محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک جبکہ شمالی علاقوں میں شدید سرد رہے گا، اسلام آباد سمیت پنجاب، بالائی سندھ اور خیبر پختونخواکے میدانی علاقوں میں شدید دھند، سموگ چھائی رہے گی ۔ ملک میں کم سے کم درجہ حرارت لہہ منفی 12، سکردو منفی 10، کالام، گلگت منفی 6، سری نگر، استور منفی 5 اور ہنزہ میں منفی 4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

close