ریاض (پی این آئی) نئے سال کے آغاز پر سعودی عرب میں بارشوں کی پیشن گوئی، مملکت کے کئی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش اور کہیں درمیانے درجے کی بارش کا امکان، دھند بھی پڑنے کی پیشن گوئی۔
تفصیلات کے مطابق سعودی محکمہ موسمیات کے مطابق سعودی عرب کا شمال مشرقی اور جنوب مغربی علاقہ ابر آلود رہے گا۔مذکورہ علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش اور کہیں درمیانے درجے کی بارش کا امکان ہے۔ ریاض کے شمالی علاقے میں آج شام تک ہلکی بارش کا بھی امکان ہے۔ رات کے وقت اور سورج نکلنے سے پہلے علاقے میں دھند چھائی رہے گی۔ سعودی محکمہ موسمیات کے مطابق ریاض، مشرقی ریجن، شمالی حدود، جازان، عسیر اور باحہ میں بھی ہلکی بارش ہوگی۔مدینہ منورہ کے الحناکیہ، المہد اور خیبر کے علاوہ العلا میں دھند چھائی رہے گی۔سعودی میڈیا کے مطابق گزشتہ دنوں سعودی عرب کے کئی شہروں میں موسلادھار بارش کے باعث موسم شدید سرد ہو چکا، جبکہ اب کئی سعودی علاقوں میں شدید برفباری بھی ہوئی ہے۔ سعودی میڈیا کے مطابق مملکت کے سرد ترین ریجن کے طور پر مشہور تبوک ریجن میں شدید برف باری ریکارڈ کی گئی ہے۔ تبوک ریجن میں شدید برف باری کے باعث اللوز پہاڑ اور دیگر کئی علاقوں نے سفیدی کی چادر اوڑھ لی۔برف باری کے بعد تبوک کے مختلف علاقوں کے موسم اور دلکش نظاروں سے لطف اندوز ہونے کیلیے شہریوں اور سیاحوں کی بڑی تعداد نے تبوک ریجن کا رخ کرلیا۔ بتایا گیا ہے کہ موسم سرما کے دوران اللوز پہاڑ پر ہر سال برفباری ہوتی ہے اور یوں یہ پہاڑ برف سے ڈھک جاتا ہے۔
مہم جوئی کے شوقین سیاح بھی اس موسم میں علاقے کا رخ کرتے ہیں۔ اللوزکا پہاڑی سلسل سعودی عرب کے شمال مغرب میں تبوک ریجن میں اردن کی سرحد کے قریب تبوک شہر سے تقریباً 200 کلومیٹر شمال مغرب میں واقع ہے۔اس کی اونچائی سطح سمندر سے دوہزار 580 میٹر ہے اور یہ خطہ حسمیٰ کے بلند ترین پہاڑی سلسلوں میں سے ایک ہے جس کے پہاڑ تبوک کے مغرب سے اردن میں وادی رم تک سروات کے پہاڑوں تک پھیلے ہوئے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ تبوک ریجن میں شدید برفباری کے بعد اب مملکت کے کئی علاقے شدید سردی کی لپیٹ میں رہیں گے۔ بتایا گیا ہے کہ گرم موسم کیلئے مشہور سعودی عرب کے مختلف علاقوں میں شدید برفباری اور بارشوں نے ناصرف موسم شدید سرد کر دیا، بلکہ ساتھ ساتھ مملکت کے شہروں کو بھی خوشگوار حیرت میں مبتلا کر دیا۔ مملکت کے شہریوں کی جانب سے برفباری اور بارشوں والے علاقوں میں قدرت کے دلکش نظاروں اور موسم سے بھرپور لطف اٹھانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں