بارشیں اور برفباری شروع، محکمہ موسمیات نے پیشنگوئی کردی

اسلام آباد(پی این آئی)جمعہ کے روز موسم کی صورتحال کے متعلق محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اسلام آباد میں موسم سرد اور مطلع جزوی ابر آلود رہے گا، خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور مطلع جزوی ابرآلود رہنے کا امکان ہے۔

جبکہ دیر، چترال، سوات ،کوہستان، وزیرستان اور کرم میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے، اس کے علاوہ صبح اور رات کے اوقات میں پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، مردان اور صوابی میں دھند چھائے رہنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور سرد رہے گا، نارووال،سیالکوٹ، اوکاڑہ، ساہیوال ، گوجرانوالہ، سرگودھا، لاہور، فیصل آباد، ٹوبہ ٹیک سنگھ، جھنگ،خانیوال ،ملتان ،بہاولپور ، خان پور،رحیم یار خان ،ڈیرہ غازی خان اور گر دو نواح میں صبح اور رات کے اوقات میں شدیددھند سموگ چھائے رہنے کا امکان ہے، اس کے علاوہ مری، گلیات اورگردو نواح میں مطلع جزوی ابر آلوداورسرد رہے گا۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک رہے گا، جبکہ شمال مغربی اضلاع میں مطلع ابرآلود رہنے کی توقع ہے، اس کے علاوہ چاغی،تربت، پنجگور، نوکنڈی، دالبندین، ژوب، کوئٹہ، قلات، زیارت، چمن ، قلعہ سیف اللہ اورقلعہ عبداللہ میں با رش اور پہاڑوں پر برفباری ہو سکتی ہے۔ سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک رہے گا، جیکب آباد، موہنجوداڑو، سکھر، لاڑکانہ ، دادو، گھوٹکی اور پڈعیدن میں صبح اور رات کے اوقات میں دھند سموگ چھائے رہنے کا امکان ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں