سردی کی بھرپور لہر، محکمہ موسمیات نے پیشنگوئی کردی

لاہور(پی این آئی) رواں موسم سرما کی سردی کی پہلی بھرپور لہر کیلئے تیار ہو جائیں، ملک کے کئی شہروں میں رواں سیزن کی سرد ترین رات کا ریکارڈ، کئی علاقوں میں درجہ حرارت نقطہ انجماد سے بھی نیچے گر گیا۔

تفصیلات کے مطابق ملک کے کئی شہروں میں گزشتہ رات رواں موسم سرما کی اب تک کی سب سے سرد ترین رات رہی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق شہر قائد میں رواں سیزن کی جمعہ کی شب اب تک کی سرد ترین رات ریکارڈ کی گئی ۔کراچی میں جمعہ کی صبح کم سے کم پارہ 11.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ جبکہ لاہور سمیت دیگر کئی علاقوں میں بھی جمعہ کی رات رواں موسم سرما کی سب سے سرد ترین رات رہی۔ لاہور سمیت کئی شہروں میں درضہ حرارت 10 ڈگری سینٹری گریڈ سے نیچے چلا گیا۔جبکہ ملک کے کئی علاقوں میں تو کم سے کم درجہ حرارت منفی میں چلا گیا۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہا ۔اس دوران ملک میں کم سے کم درجہ حرارت لہہ منفی 10، اسکردو منفی 7، استور، گوپس، کالام منفی4، گلگت منفی3 ، کوئٹہ اور سری نگر میں منفی2ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ ماہرین موسمیات کے مطابق آئندہ چند روز میں ملک میں رواں موسم سرما کی پہلی شدید سردی کی لہر آنے والی ہے، جس سے ملک بھر میں موسم شدید سرد ہو جائے گا۔ جبکہ آئندہ 24 گھںٹوں کی موسم کی صورتحال کے حوالے سے محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک جبکہ بالائی اضلاع میں مطلع جزوی ابر آلود رہے گا، پنجاب، خیبر پختونخوا کے میدانی علاقوں اور بالائی سندھ میں سموگ اور دھند چھائے رہنے کا امکان ہے۔ہفتہ کے روز اسلام آباد میں موسم سرد اور خشک رہے گا۔

خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں بھی موسم سرد اور خشک جبکہ بالائی اضلاع میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ چترال اور گر دو نواح میں ہلکی بارش اور بلند پہاڑوں پر ہلکی برفباری ہو سکتی ہے، تاہم صبح اور رات کے اوقات میں پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، مردان ، صوابی اور ڈیرہ اسماعیل خان میں دھند چھائے رہنے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور سرد جبکہ مری، گلیات اورگردو نواح میں سرد رہے گا۔ صبح اور رات کے اوقات میں نارووال، سیالکوٹ، اوکاڑہ، ساہیوال ، گوجرانوالہ، لاہور، فیصل آباد، ٹوبہ ٹیک سنگھ، جھنگ، خانیوال ،ملتان ، بہا ولپور ، خان پور، رحیم یار خان ، ڈیرہ غا زی خان اور گر دو نواح میں دھند اور سموگ چھائے رہنے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک جبکہ شمالی اضلاع میں سرد رہے گا۔ سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک رہے گا، تاہم جیکب آباد، موہنجوداڑو، سکھر، لاڑکانہ ، دادو، گھوٹکی اور پڈعیدن میں صبح اور رات کے اوقات میں دھند اور سموگ چھائے رہنے کا امکان ہے۔ اس کے علاوہ کشمیر اور گلگت بلتستان میں موسم شدید سرد اورمطلع ابر آلود رہنے کے علاوہ ہلکی بارش اور بلند پہاڑوں پر ہلکی برفباری کا امکان ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close