شدید سردی کی لہر کیلئے تیار ہوجائیں، بارشوں کا طاقتور سسٹم ملک میں داخل

کوئٹہ(پی این آئی) کڑاکے کی سردی کیلئے تیار ہو جائیں، بارشوں کا طاقتور سسٹم ملک میں اثرانداز ہونا شروع ہو گیا، کئی علاقوں میں موسلادھار بارش اور ژالہ باری کے بعد درجہ حرارت نقطہ انجماد سے گر گیا۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز ملک میں داخل ہونے والے مغربی ہواوں کے سلسلے نے بھرپور انداز میں اثرانداز ہونا شروع کر دیا ہے جس کے بعد ملک کے کئی علاقوں میں کڑاکے کی سردی پڑنے کا امکان ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ملک میں داخل ہونے والے مغربی ہواوں کے سلسلے کی وجہ سے بلوچستان اور سندھ کے کئی علاقے بارش اور ژالہ باری کی زد میں ہیں۔ خاص کر بلوچستان کے کئی اضلاع موسلادھار بارش اور ژالہ باری کی زد میں ہیں، جس کی وجہ سے کئی علاقوں میں درجہ حرارت نقطہ انجماد سے گر گیا۔ ہفتہ کو ضلع گوادر سمیت اغی،دالبندین،قلات،خضدار،نوشکی، واشک،خاران،پنجگور،کیچ،تربت،پسنی،مکران،لسبیلہ اور جیوانی میں تیز ہوائوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا مو سلا دھار بارش کا سلسلہ جا ری رہا جس کے نتیجے میں املاک کو نقصان پہنچا تاہم اس دوران کسی قسم کے جانی اور مالی نقصان کی اطلاع مو صول نہیں ہو ئی ۔ ۔محکمہ موسمیات کے مطابق صوبے کے جنوبی اور وسطی حصوں میں بارشوں کا سلسلہ 27 نومبر بروزپیر تک جاری رہے گا۔ جبکہ سندھ کے کئی علاقوں میں ہفتے کے روز بادل خوب برسے۔ خاص کر شہر قائد کراچی میں موسم سرما کی پہلی بارش نے موسم سرد کر دیا۔ کراچی کے مختلف علاقوں میں ہفتے کی رات تک وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔

دوسری جانب محکمہ موسمیات کے مطابق اس دوران پنجاب کے بعض میدانی علاقوں میں صبح کے اوقات میں سموگ اور دھند چھائے رہنے کا بھی امکان ہے۔ جنوب مغربی بلوچستان اور جنوب مشرقی سندھ میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ مزید بارش کی توقع ہے۔ ہفتہ کو ریکارڈ کیے گئے کم سے کم درجہ حرارت کی رپورٹ کے مطابق لہہ میں درجہ حرارت منفی 6 ،اسکردو منفی 4، کالام منفی 2، قلات ، ہنزہ اور گوپس میں منفی ایک ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں