لاہور (پی این آئی) لاہور سمیت میدانی علاقوں میں سردی کی پہلی لہر کی آمد کا وقت بتا دیا گیا، مغربی ہواوں کا سلسلہ ملک میں داخل ہونے کے بعد کئی علاقوں میں آئندہ چند روز کے دوران بارشوں کی پیشن گوئی۔
تفصیلات کے مطابق ملک کے میدانی علاقوں میں نومبر کا پہلا ہفتہ گزر جانے کے باوجود موسم سرد نہ ہونے پر ماہرین موسمیات کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ لاہور سمیت ملک کے میدانی علاقوں میں سردیوں کی آمد کچھ تاخیر سے ہو گی۔ بتایا گیا ہے کہ لاہور سمیت بیشتر میدانی علاقوں میں 15 نومبر کے بعد سردی کی پہلی لہر کی آمد متوقع ہے، جبکہ بلوچستان کے راستے ملک میں داخل ہونے والے مغربی ہواوں کے سلسلے کے باعث بھی موسم قدرے سرد ہو جائے گا۔ مغربی ہواوں کے ملک میں داخل ہونے کے بعد بلوچستان کے کئی علاقوں میں بارش ہوئی ہے، جبکہ آئندہ چند روز کے دوران ملک کے کئی علاقوں میں بارش کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بالائی علاقوں میں مختلف مقامات پر بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے جبکہ چند مقامات پر ژالہ باری بھی متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق جمعرات کے روز خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان ،کشمیر،اسلام آباد، بالائی اور وسطی پنجاب میں تیز ہوائوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری جبکہ چند مقامات پر ژالہ باری کا بھی امکان ہے۔ پنجاب کے بعض میدانی علاقوں میں صبح کے اوقات میں دھند،سموگ چھائے رہنے کا امکان ہے جبکہ ملک کے دیگرعلاقوں میں موسم خشک رہے گا۔ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک جبکہ شمالی علاقوں میں سرد رہا تاہم مغربی بلوچستان ، جیکب آباد اورفیصل آباد میں چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔ سب سے زیادہ بارش بلو چستان میں قلات09،بارکھان 05، کوئٹہ(شیخ ماندا02)،دالبندین01 ، سندھ میں جیکب آباد 06اور پنجاب میں فیصل آباد میں 01 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔ اس دوران ملک میں کم سے کم درجہ حرارت لہہ منفی04،سکردو منفی 03 اور بابوسر میں 0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں