بارشوں کا سلسلہ کب تک جاری رہے گا؟ محکمہ موسمیات نے پیشنگوئی کر دی

اسلام آباد(پی این آئی) آج سے پنجاب کے مختلف اضلاع میں بارش کے امکانات ہیں۔ترجمان پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ بارشوں کا سلسلہ 17 اکتوبر تک جاری رہنے کے امکانات ہیں۔ بارشوں کے سبب درجہ حرات میں واضح کمی کے امکانات ہیں۔

 

 

 

ڈی جی پی ڈی ایم اے عمران قریشی نے صوبہ بھر کے ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ رہنے کی ہدایت کر دی۔ڈی جی عمران قریشی نے کہا کہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے متعلقہ محکمے الرٹ رہیں۔ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آپریشن سنٹرز کو بھی الرٹ کر دیا گیا ہے۔ پی ڈی ایم اے کنٹرول روم میں صورتحال کی مانیٹرنگ 24/7 جاری ہے۔انہوں نے ہدایت کی کہ 1122 سمیت دیگر ریسکیو ادارے مشینری سمیت عملے کو الرٹ رکھیں۔ عوام خراب موسم میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔شہری خستہ حال اور زیر تعمیر عمارتوں سے دور رہیں۔بجلی کی تاروں اور کھمبوں سے مناسب فاصلے پر رہیں۔خیال رہے کہ محکمہ موسمیات کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہا ہے۔ جمعہ کو ریکارڈ کئے گئے زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت کی رپورٹ کے مطابق دادو اور شہید بینظیرآ باد میں درجہ حرارت 41 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

 

 

 

محکمہ موسمیات نے متنبہ کیا ہے کہ جمعہ کی رات سے منگل کے دوران تیز ، موسلادھار بارش کے باعث مقامی ندی نالوں میں پانی کے بہائو میں اضافہ اور کشمیر، گلگت بلتستان، چترال، دیر، سوات، کوہستان، شانگلہ، بونیر، مانسہرہ اور ایبٹ آباد میں لینڈ سلائیڈنگ کا بھی خطرہ ہے۔جب کہ محکمہ موسمیات نے 16 اور 17 اکتوبر کو کراچی سمیت سندھ کے مختلف علاقوں میں کہیں گرج چمک تو کہیں ہلکی بارش کی پیش گوئی کی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہوائوں کا سلسلہ آج(اتوار)سے ملک کے شمالی علاقوں میں داخل ہو سکتا ہے، جو وسطی و بالائی سندھ تک پھیل سکتا ہے۔محکمہ موسمیات نے 16 سے 17 اکتوبر تک سکھر، لاڑکانہ، جیکب آباد اور دیگر علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔17اکتوبر کو کراچی، ٹھٹھہ، بدین، سجاول، تھر پارکر، عمر کوٹ اور حیدر آباد میں ہلکی بارش متوقع ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں