لاہور (پی این آئی) مون سون کے آخری سپیل کا طوفانی آغاز متوقع، الرٹ جاری کر دیا گیا، پنجاب کے مختلف اضلاع میں موسلادھار بارشوں کا امکان، صوبے بھر کے ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کردی گئی۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب میں مون سون کا آخری سپیل خطرناک آندھی اور طوفان سے شروع ہونے کا امکان ہے۔ پی ڈی ایم اے کی جانب سے صوبے میں موسلا دھار بارشوں کا الرٹ جاری کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ 28سے 30ستمبر کے دوران پنجاب کے مختلف اضلاع میں بارش کے امکانات ہیں۔ترجمان کے مطابق صوبے میں مون سون کا آخری سپیل خطرناک آندھی اور طوفان کے ساتھ شروع ہونے کا امکان ہے۔ بارشوں کے سبب درجہ حرات میں واضح کمی کے امکانات ہیں۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے عمران قریشی نے صوبہ بھر کے ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کردی ہیں۔ڈی جی پی ڈی ایم اے نے ہدایات جاری کی ہیں کہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے متعلقہ محکمے الرٹ رہیں۔ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آپریشن سینٹرز کو بھی الرٹ کر دیا گیا ہے۔ پی ڈی ایم اے کنٹرول روم میں صورتحال کی نگرانی 24 گھنٹے ساتوں دن جاری رہے گی۔ 1122 سمیت دیگر ریسکیو ادارے مشینری سمیت عملے کو الرٹ رکھیں۔
ترجمان نے عوام کے لیے رہنما ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ لوگ خراب موسم میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔ شہری خستہ حال اور زیر تعمیر عمارتوں سے دور رہیں ۔ بجلی کی تاروں اور کھمبوں سے مناسب فاصلے پر رہیں اور ہنگامی صورتحال میں پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر کال کریں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں