موسلادھار بارشوں نے تباہی مچا دی، شہریوں کی پریشانیاں بڑھ گئیں، مزید کہاں کہاں بارشوں کا امکان ہے؟

لاہور (پی این آئی ) صوبہ پنجاب کے مختلف شہروں میں موسلادھار بارش کے باعث نظام زندگی درہم برہم ہوگیا، لاہور کے پوش علاقے بھی ندی نالے بن گئے۔ تفصیلات کے مطابق بارش کے باعث لاہورکے بیشترعلاقے زیر آب آگئے۔

تاج پورہ میں سب سے زیادہ 190 ملی ملی بارش ریکارڈ کی گئی، نشتر ٹاؤن میں 174ملی میٹر بارش ہوئی، ایئرپورٹ پر188ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، گلشن راوی میں 162، گلبرگ میں 158 ملی میٹر، جوہر ٹاون 135ملی میٹر، اقبال ٹاؤن میں 126 ملی میٹر، لکشمی چوک میں 112، اپر مال کے علاقہ میں 105 اور مغلپورہ میں 104 ملی میٹربارش ریکارڈ کی گئی جب کہ قرطبہ چوک پر101ملی میٹر بارش ہوئی۔بتایا گیا ہے کہ والٹن روڈ اور اس سے ملحقہ سڑکیں بھی پانی میں ڈوب گئیں جبکہ گلبرگ تھری میں پانی کھڑا ہونے سے متعدد موٹرسائیکلیں، رکشے اور گاڑیاں بند ہوگئیں، والٹن میں مکان کی چھت گرنے سے 3 افراد زخمی ہوگئے، جن میں ایک مرد اور دو خواتین شامل ہیں جب کہ مال روڈ فیصل چوک کے قریب بارش کے باعث درخت بھی سڑک پر آگرا جس سے مال روڈ پر ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی، بارش کے باعث لیسکو کے 100 سے زائد فیڈرز بھی ٹرپ کر گئے، بیشتر علاقوں میں گھنٹوں سے بجلی غائب ہونے کی وجہ سے شہریوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔

معلوم ہوا ہے کہ فیصل آباد میں بھی موسلادھاربارش ہوئی جس سے سڑکوں پر پانی جمع ہوگیا، اوکاڑہ، دیپالپور، ننکانہ صاحب، بہاولنگر، گوجرانوالہ میں بھی بارش ہوئی، میلسی میں بھی بادل خوب برسے، قصور، پھول نگر، اوچ شریف، محسن وال، جلالپورپیروالا اور گردونواح میں بھی بارش ہوئی، شیخوپورہ میں بارش نے جل تھل کردیا، پتوکی میں بارش کے ساتھ ہی بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی، بہاولنگر، چھانگا مانگا، چیچہ وطنی ،شاہ کوٹ، فاروق آباد، میانوالی، منڈی بہاؤالدین، نارووال اور پسرور سمیت پنجاب کے دیگرشہروں میں بھی بارش نےموسم بدل دیا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close