مون سون بارشوں کی تگڑی واپسی، ملک کے اکثر علاقوں میں موسلادھار بارشیں شروع ہونے کی پیشنگوئی

لاہور (پی این آئی) مون سون سیزن بھرپور کم بیک کرنے کیلئے تیار، تگڑی بارشوں کی پیشن گوئی، 15 ستمبر کے بعد لاہور سمیت ملک کے کئی علاقوں میں موسلادھار بارشوں کے ایک سے زائد سلسلوں کی آمد کا امکان۔

تفصیلات کے مطابق ملک کے کئی علاقوں میں ستمبر کے آخری 2 ہفتوں میں اچھی بارشوں کی پیشن گوئی کی گئی ہے۔ ماہرین موسمیات کے مطابق 15 ستمبر کے بعد ایک جانب سے مون سون بارشوں کے سلسلے کی واپسی ہو گی، تو اسی دوران ملک میں بارشوں کے مغربی سلسلے کی آمد بھی ہو گی۔ مون سون ہواوں اور مغربی ہواوں کے ملاپ سے لاہور سمیت ملک کے کئی علاقوں میں 15 ستمبر کے بعد رواں ماہ کے اختتام تک بارشوں کے 2 سے 3 تگڑے اسپیل آ سکتے ہیں۔ ان بارشوں کی وجہ سے ملک کے بیشتر علاقوں میں جاری گرمی کے موسم کی شدت میں واضح کمی آ جائے گی۔ واضح رہے کہ ملک کے بیشتر علاقوں میں گزشتہ 3 ہفتوں کے دوران مون سون بارشوں کی شدت میں نمایاں کمی کے باعث گرمی کی شدت میں بھی مزید اضافہ ہوا ہے۔ ملک کے کئی علاقوں میں اب بھی زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ سے زائد رہ رہا ہے۔ جبکہ محکمہ موسمیات کے مطابق 63سال میں دوسری باراگست خشک ترین مہینے کے طورپرریکارڈ کیا گیا۔محکمہ موسمیاتی نے اگست کا تجزیاتی جائزہ جاری کر دیا ہے جس کے مطابق اگست میں معمول سے 66 فیصد کم بارشیں ریکارڈ کی گئیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق رواں سال بلوچستان میں اگست کا مہینہ خشک ترین رہا جبکہ خیبرپختونخواہ اور پنجاب میں یہ 63 سال میں دوسرا خشک ترین مہینہ ثابت ہوا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق اگست میں ملک کا اوسط درجہ حرارت معمول سے 0.19 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close